صوبہ جموں کے ضلع ادھمپور سے تعلق رکھنے والی ایک 35سالہ خاتون میکورمائکوسس (بلیک فنگس) سے متاثر پائی گئی ہے۔ مذکورہ خاتون اس وقت سرینگر کے سکمز صورہ میں زیر علاج ہے۔
مریضہ اس سے قبل کووڈ 19 سے متاثرہ تھی تاہم کورونا سے صحتیابی کے بعد ان کی دنوں آنکھوں میں سوجن کے علاوہ بائیں آنکھ میں شدید درد اور ناک سے سبز مادہ خارج ہونے کی علامات ظاہر ہونے کے بعد انکی طبی جانچ کے دوران مریضہ میں بلیک فنگس کی تصدیق ہوئی ہے۔ مریضہ پہلے ہی ٹائپ ٹو ذیابطس سے متاثرہ ہے۔
سکمز صورہ کے ایک عہدیدار نے بتایا کہ مریضہ کو رواں ماہ کی 4 تاریخ کو ہسپتال میں داخل کرایا گیا تھا، جہاں ایم آر آئی اور دیگر طبی جانچ کے بعد میکورمائکوسس یعنی بلیک فنگس کی مکمل تصدیق ہوئی۔
انہوں نے مزید کہا کہ مریضہ کی بائیں آنکھ کی بینائی ختم ہو چکی ہے۔ بایاپسی کرنے کے بعد اب ای این ٹی ماہرین سے مشاورت کے بعد متاثرہ کا علاج عمل میں لایا جا رہا ہے۔
واضح رہے کہ جموں میں فلیک فنگس یعنی میکورمائکوسس کے پہلے ہی 18 معاملات کی تصدیق ہو چکی ہے جبکہ 8 مشتبہ کیسز کی موجودگی کے علاوہ اب تک بلیک فنگس سے 4 مریضوں کی موت بھی واقع ہوئی ہے۔
میکور مائیکوسس انفیکشن ناک سے شروع ہوتا ہے، ناک سے بھورے یا سرخ رنگ کا بلغم خارج ہونے کو بلیک فنگس کی ابتدائی علامت سمجھا جا سکتا ہے۔