سرینگر (جموں و کشمیر) : سرینگر میں لڑکیوں پر فقرے کسنے کا ایک اور معاملہ سامنے آیا جس میں سرینگر پولیس نے دو نوجوانوں کو مبینہ طور ’’لڑکیوں پر نازیبا تبصرہ کرنے‘‘ کے الزام میں انہیں گرفتار کر لیا۔ پولیس ترجمان کے مطابق سرینگر کے نٹی پورہ علاقے سے تعلق رکھنے والے دو لڑکوں - جن کی شناخت سیف اللہ ولد شمیم خشو اور رقیب حافظ ولد اعجاز احمد حافظ کے طور پر ہوئی ہے - کو لڑکیوں کے ساتھ چھیڑ چھاڑ کے الزام میں گرفتار کیا گیا ہے۔
اس حوالہ سے سرینگر پولیس نے مزید کہا کہ ’’چند لڑکیوں نے پولیس میں شکایت درج کروائی تھی کہ بمنہ سے بٹہ مالو روڑ پر سفر کے دوران کچھ نوجوان ان پر نازیبا اور فحش تبصرے کر رہے ہیں جس کے بعد پولیس نے فوری طور پر کارروائی کرتے ہوئے دنوں کو حراست میں لے لیا۔‘‘ مذکورہ نوجوانوں کو سی آر پی سی کی دفعات کے تحت حراست میں لیا گیا ہے ان کی گاڑی بھی پولیس نے ضبط کر لی ہے۔
مزید پڑھیں: Srinagar Police on Eve Teasing : خواتین کو ہراساں کرنے کے واقعات افسوسناک، ایس ڈی پی او
ادھر، سرینگر کے راجباغ علاقے میں دریائے جہلم سے ایک خاتون کی لاش برآمد کی گئی۔ منگل کو مقامی باشندوں نے ایک لاش کو پانی پر تیرتے ہوئے دیکھا جس کے بعد انہوں نے فوری طور پر پولیس کو اطلاع دی۔ ایسے میں پولیس کی ایک ٹیم نے موقع پر پہنچ کر لاش کو دریا سے نکالا اور قانونی لوازمات پورا کرنے کی خاطر اسے اسپتال لے جایا گیا۔
اطلاعات کے مطابق خاتون، جس کی لاش دریا سے بازیاب کر لی گئی، نے مبینہ طور پر جہلم میں کود کر خود کشی کر لی ہے۔ تاہم پولیس نے متعلقہ دفعات کے تحت معاملہ درج کر لیا ہے اور معاملے کی نسبت سے مزید تحقیقات بھی شروع کر دی ہے۔ سرینگر پولیس کا کہنا ہے کہ قانونی و طبی لوازمات کی تکمیل کے بعد میت کو آخری رسومات کے لیے لواحقین کے سپرد کر دیا جائے گا۔