وزارت ریلوے نے دعویٰ کیا ہے کہ سری نگر سمیت وادی کشمیر کے تمام 15 اسٹیشنوں کو بھارتی ریلوے کے وائی فائی نیٹ ورک کے ساتھ مربوط کردیا گیا ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ ریلوے وائی فائی جموں و کشمیر کے بارہمولہ، حمرے، پٹن، مزہوم، بڈگام، سرینگر، پانپور، کاکا پورہ، اونتی پورہ، پنزگام، بیجبہاڑہ، اننت ناگ، سدورا، قاضی گنڈ اور بانیہال اسٹیشنوں پر دستیاب ہے۔
وزیر ریلوے پیوش گوئل نے کہا "آج، عالمی وائی فائی ڈے کے موقع پر مجھے یہ خوشی ہے کہ سرینگر اور وادی کشمیر کے 14 اسٹیشن دنیا کے ایک سب سے بڑے مربوط عوامی وائی فائی نیٹ ورک کا ایک حصہ بن گئے ہیں، جس نے ملک کے چھ ہزار سے زائد اسٹیشنوں کو آپس میں جوڑ دیا ہے۔'
انہوں نے کہا کہ اس کے ساتھ ہی وادی کے تمام اسٹیشنوں پر اب عوامی وائی فائی دستیاب ہوگا۔
وزیر نے کہا 'یہ ڈیجیٹل انڈیا مشن کے لئے ایک اہم اقدام ہے۔ میں اپنی ٹیم، انڈین ریلوے اور ریل-ٹیل کو مبارکباد پیش کرتا ہوں جس نے اس قابل ذکر کارنامے کے حصول کے لئے انتھک محنت کی ہے۔'
بیان کے مطابق ابتدائی طور پر جموں وکشمیر میں یہ خدمت جموں، کٹھوعہ، بدھی، چھھن اروریئن، ہیرا نگر، گھگوال، سانبہ، وجئے پور، باری برہمن، جموں توی، بجالٹا، سنگر، منوال، رام نگر اسٹیشنوں پر دستیاب تھی۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ ریل-ٹیل کو وزارت ریلوے کے سپرد کیا گیا تھا کہ وہ تمام اسٹیشنوں پر پبلک وائی فائی فراہم کرے۔