جموں و کشمیر کے ضلع سانبہ میں بین الاقوامی سرحد پر منگل کی شام بارڈر سیکورٹی فورسز (بی ایس ایف) اہلکاروں نے در اندازی کی ایک کوشش کو ناکام بناتے ہوئے ایک پاکستانی درانداز کو گولیوں سے زخمی کر کے گرفتار کیا۔
بتادیں کہ سانبہ میں گذشتہ پندرہ دنوں کے دوران یہ اس نوعیت کا دوسرا واقعہ ہے۔ قبل ازیں بی ایس ایف اہلکاروں نے پانچ مئی کو بین الاقوامی سرحد پر ایک در انداز کو گولی مار کر ہلاک کر دیا تھا۔
سرکاری ذرائع نے بتایا کہ سانبہ میں بین الاقوامی سرحد پر منگل کی شام ایک پاکستانی باشندے کو اندھیرے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے سرحد کے اس طرف داخل ہونے کی کوشش کرتے ہوئے دیکھا گیا۔
انہوں نے بتایا کہ وہاں تعینات بی ایس ایف اہلکاروں نے مذکورہ پاکستانی باشندے کی حرکات دیکھتے ہی گولیوں کے کچھ راؤنڈ چلا دئے جس کے نتیجے میں وہ زخمی ہوگیا۔س
مذکورہ ذرائع نے بتایا کہ درانداز کو گولی لگنے کے بعد گرفتار کیا گیا اور ایک ہسپتال میں داخل کیا گیا۔
دریں اثنا مذکورہ پاکستانی در انداز کا علاج کرنے والے ایک ڈاکٹر نے میڈیا کو بتایا کہ بی ایس ایف کے مطابق یہ شخص بین الاقوامی سرحد پر بھارتی حدود میں داخل ہونے کی کوشش کر رہا تھا اور یہ واقعہ گذشتہ رات قریب نو بجے پیش آیا۔
انہوں نے کہا: 'ہم نے جب درانداز سے نام وغیرہ پوچھا تو اس نے اپنا نام عاصم ولد اسرار ساکن لاہور بتایا۔'
موصوف ڈاکٹر نے بتایا کہ زخمی پاکستانی در انداز کی حالت مستحکم ہے اور وہ بول بھی رہا ہے اور ہوش میں بھی ہے۔
یو-این-آئی