صوبہ جموں کے ضلع راجوری، پونچھ اور ادھمپور سے برڈ فلو کے پیش نظر کچھ پرندوں کے مرنے کی خبریں سامنے آرہی ہیں، ضلع ادھمپور میں گذشتہ روز تقریباً 150 کوے نامعلوم وجوہات کی وجہ سے ہلاک ہوگئے ہیں، جس کے بعد ان کے سیمپلس ٹیسٹ کے لیے لیب میں بھیج دیے گئے ہیں۔
وہیں ضلع راجوری کے متعلق بھی سوشل میڈیا پر خبریں گشت کر رہی ہیں، اور کہا جارہا ہے کہ وہاں بھی کچھ پرندوں کی موت ہوئی ہے، جس کے بعد ضلع ترقیاتی کمشنر محمد نظیر شیخ نے محکمہ مویشی پروری کی ٹیم کو مردہ کووں کے ٹیسٹ کرانے کی ہدایت دی ہے۔
برڈ فلو کے پیش نظر محکمہ وائلڈ لائف کے ایک ویٹرینری افسر کہا 'جموں و کشمیر انتظامیہ نے برڈ فلو کے خدشات کو دیکھتے ہوئے محکمہ مویشی پروری کے ذریعہ پرندوں کے نمونے لے کر اسے جانچ کے لیے جالندھر بھیجنے کا فیصلہ کیا ہے'۔
یہ بھی پڑھیے
برڈ فلو: جموں و کشمیر میں پولٹری کی درآمد پر پابندی عائد
انہوں نے مزید کہا 'ملک کی چند ریاستوں میں برڈ فلو کی خبریں موصول ہو رہی ہیں۔ اس لیے آر ایس پورا کے غرانہ ویٹ لینڈ میں پرندوں کے نمونے حاصل کرنے کے لیے محکمہ مویشی پروری اور محکمہ وائلڈ لائف کی ٹیم آئی ہے، تاکہ جموں و کشمیر میں پرندوں کو اس مہلک وبا سے محفوظ رکھا جاسکے۔
وہیں دوسری جانب برڈ فلو کے خدشات کے پیش نظر جموں و کشمیر انتظامیہ نے جمعرات کے روز پڑوسی ریاستوں سے پولٹری کی درآمد پر پابندی عائد کردی۔ یہ اعلان جموں و کشمیر کی ہمسایہ ریاستوں میں برڈ فلو کے پھیلاؤ کے تناظر میں کیا گیا ہے اور یہ پابندی 14 جنوری تک نافذ العمل رہے گی۔