اجمیر: ریاست راجستھان کے دارالحکومت جے پور میں عازمین حج کے لئے تربیتی کیمپ کا انعقاد کیا گیا۔تربیتی کیمپ میں مختلف اضلاع سے تعلق رکھنے والے عازمین حج نے شرکت کی۔عازمین حج کو اس سلسلے میں اہم معلومات فراہم کی۔ اس حج تربیتی کیمپ کا اہتمام شہر کے ہیرا انگلش سینئر سیکنڈری اسکول پہاڑ گنج میں سماجی تنظیم سنی دعوت اسلامی جے پور کے زیراہتمام کیا گیا تھا۔اس میں ممبئی کے محمد موسیٰ نوری اور اجمیر شریف کے مولانا معین الدین رضوی نے عازمین حج کو حج کے ارکان کے بارے میں تفصیل سے بتایا۔
سنی دعوت اسلامی اور نوری سنی سنٹر ڈویلپمنٹ کمیٹی کے ممبران حاجی حسین احمد اور حاجی حامد بیگ نے بتایا کہ سوسائٹی کی جانب سے تمام عازمین حج کا پھولوں کا ہار پہنا کر استقبال کیا گیا۔ شہر کے ہیرا انگلش سینئر سیکنڈری اسکول پہاڑ گنج میں صبح 10 بجے سے دوپہر 3 بجے تک ضلع جے پور اور آس پاس کے علاقوں سے حج اور عمرہ کے لئے جانے والی خواتین اور مردوں کے لئے ایک تربیتی کیمپ کا انعقاد کیا گیا۔
اس تربیتی کیمپ میں تجربہ کار حج ٹرینرز محمد موسیٰ نوری ممبئی، حافظ محمد معین الدین رضوی نے عازمین حج کو احرام پہننے، طواف اور سعودی عرب کے قوانین، ہوائی اڈے کے قوانین، حج کے دوران ضروری اشیاء سمیت احتیاطی تدابیر وغیرہ کے بارے میں میں تفصیلی معلومات دی۔ تربیتی اس کیمپ میں خطیب امام مرکز SDI(ایس ڈی آئی) مولانا عرفان برکاتی،حافظ عبدالرؤف چاندپول،قاری شکیل اشرفی، مولانا شاکر برکاتی ، حافظ عمران رضوی، سید عقیل نوری، عادل نوری، عظیم نوری اور علاقہ کے عمائدین نے شرکت کی۔
یہ بھی پڑھیں: Congress Supporters Celebrate کرناٹک میں کانگریس کی جیت پر اجمیر میں جشن کا سماں
آخر میں امیر سنی دعوت اسلامی مولانا شاکر علی نوری کی لکھی ہوئی 3 کتابیں عازمین حج میں بطور گائیڈ مفت تقسیم کی گئیں۔ ان کتابوں کی مدد سے یہ بہت آسانی سے سمجھا جا سکتا ہے کہ حج کیسے کیا جاتا ہے۔