یوگیندر یادو نے آج راجستھان کے شری گنگا نگر میں آزاد امیدوار ڈاکٹر بال کشن پوار کی حمایت میں منعقدہ جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 'مرکز میں بی جے پی اور راجستھان میں کانگریس کی حکومت کم از کم امدادی قیمت پر زرعی پیدوار کی خریداری نہیں کر رہی ہے۔ کم از کم امدادی قیمت پر فصلیں خریدنے کا ان حکومتوں کی طرف سے صرف ڈھونگ کیا جا رہا ہے۔ زراعتی پیداوار کی واقعی جو امدادی قیمت ہونا چاہیے، اس کا اعلان حکومتیں نہیں کرتیں۔ اسی لیے کسانوں کی معاشی حالت میں بہتری نہیں ہو ر ہی ہے۔ اگر کسان کو امدادی قیمت ملنے لگ جائے تو ان کی اقتصادی حالت سدھر سکتی ہے۔'
انہوں نے کہا کہ 'جب حقیقی امدادی قیمت پر زرعی اجناس کی خریداری کرنا ہی نہیں ہے تو حکومتوں کی طرف سے امدادی قیمت کا اعلان کرنا فضول کی بات ہے۔'
انہوں نے کہا کہ 'یہ ایک طرح کی جملےبازی ہی ہے جس سے کسانوں کو گمراہ کیا جا رہا ہے۔ مزدوروں کو بھی یہ سیاسی پارٹیاں ہمیشہ گمراہ کرتی آئی ہیں۔'
یوگیندر یادو نے کہا کہ 'سیاسی جماعتوں کی پالیسیوں پر نظر رکھنے اور ان کا مطالعہ کرتے ہوئے یہ خیال رکھنا بھی ضروری ہے کہ ان کے علاقے میں کھڑے ہونے والے امیدواروں میں سے ایسا کون ہے جو الیکشن جیتنے کے بعد ان کے درمیان رہے گا، اور کون دہلی جاکر بیٹھ جائے گا۔ اس لیے ایسا امیدوار منتخب کریں، جو آپ لوگوں کے درمیان رہے۔'