پلوامہ: جنوبی کشمیر کے پلوامہ ضلع کے اریگام علاقے میں منگل کو ایک سڑک حادثے میں تین افراد زخمی ہو گئے۔ یہ حادثہ اُس وقت پیش آیا جب ایک آٹو رکشا زیر رجسٹریشن نمبر JK13D 0194 اور موٹر سائیکل زیر رجسٹریشن نمبر PB06R 0581 آپس میں ٹکرا گئے۔ ٹکر کے نتیجے میں تین افراد زخمی ہو گئے۔ حادثہ کے فوراً بعد زخمیوں کو، مقامی لوگوں نے، علاج و معالجہ کے لیے ضلع اسپتال پلوامہ پہنچایا۔
پلوامہ اسپتال میں ابتدائی طبی امداد کے بعد زخمیوں کو مزید علاج و معالجہ کے لئے سرینگر منتقل کر دیا گیا۔ حادثے میں زخمی ہونے والوں ایک مقامی شخص عاقب احمد ولد غلام احمد ساکنہ کنگن، پلوامہ کے علاوہ دو غیر مقامی باشندے پون کمار ولد امر داس ساکنہ پنجاب اور عبد المجید ولد عبد الشکور ساکنہ سہارنپور، یو پی کے طور پر ہوئی ہے۔ ابتدائی معلومات کے مطابق عاقب احمد کے سر جبکہ دونوں غیر مقامی باشندوں کی بازوؤں پر چوٹیں آئی ہیں۔ پلوامہ پولیس نے اس ضمن میں مقدمہ درج کر کے مزید تحقیقات اور کارروائی شروع کر دی ہے۔
مزید پڑھیں: Pulwama Man injured After Hit by Train: ٹرین کی ٹکر سے شہری شدید زخمی
قابل ذکر ہے کہ جموں وکشمیر میں ٹریفک حادثات کے بڑھتے کیسز میں جہاں لوگوں کی جانیں تلف ہوتی ہیں وہیں ان حادثات میں زخمی ہونے والے بعض افراد عمر بھر کے لیے معذور بھی ہو جاتے ہیں۔ جموں و کشمیر میں سب سے زیادہ ٹریفک حادثہ خطہ چناب میں ڈوڈہ اور کشتواڑ اضلاع کے علاوہ رام بن ضلع میں سرینگر جموں شاہراہ پر رونما ہوتے ہیں۔ ماہرین کا ماننا ہے کہ ٹریفک قوانین کی رعایت نہ کرنا اور تیز رفتاری ان حادثات کو موجب بنتے ہیں تاہم عوام کی جانب سے خستہ حال سڑکوں کو بھی ٹریفک حادثات کے ذمہ دار قرار دیا جا رہا ہے۔