پلوامہ: جنوبی کشمیر کے لدھو، پانپور علاقے میں بلند پایہ ولی کامل حضرت علمدار کشمیر شیخ نور الدین نورانی رحمہ اللہ تعالیٰ کا عرس مبارک انتہائی تزک و احتشام اور روایتی جوش و خروش کے ساتھ منایا گیا۔ اس ضمن میں آستان عالیہ لدھو، پانپور میں عقیدت مندوں کا تانتا بندھا رہا اور گزشتہ شام سے ہی آستان عالیہ پر عقیدت مندوں کی خاصی تعداد، جن میں مرد و زن اور بچوں کے علاوہ بزرگ بھی شامل ہیں، نے حاضری دے کر اپنی عقیدت و محبت کا اظہار کیا۔Sheikh ul Aalam Urs Celebrated in pampore
عرس مبارک کے سلسلے میں آستان عالیہ پر گزشتہ شام سے ہی نعت و مناجات اور درود و اذکار کی محفلیں آراستہ ہوتی رہیں۔ جس دوران عقیدت مندوں نے اللہ کی بارگاہ میں سربسجود ہو کر اپنی مرادوں کے ساتھ ساتھ وادی کشمیر کے امن و امان اور خوشحالی کے لئے دعائیں مانگیں۔ Pampore Sheikh ul Aalam Urs
شب خوانی کے دوران رات بھر مقررین و مبلغین نے حضرت شیخ العالم کے طرز حیات اورتعلیمات پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ ’’شیخ العالم کی تعلیمات اور اسوہ حیات کو اپنانے سے انسان دنیوی و اخروی زندگی میں کامیاب ہو سکتا ہے۔‘‘ مقررین کے مطابق ’’اولیاء کرام کے بتائے ہوئے راستے پر چلنے میں ہی کامیابی کا راز مضمر ہے اس لئے ہر فرد کو چاہئے کہ وہ ان اولیاء اللہ کی تعلیمات پر سختی سے عمل پیرا ہو جائیں۔‘‘