پلوامہ: اونتی پورہ میں پٹوارایسوسی ایشن کے بینر تلے آج پٹواریوں کا احتجاجی مظاہرہ جاری ہے۔ جانکاری کے مطابق آج احتجاج کا دس واں دن ہے۔ اونتی پورہ میں پٹواریوں کی ایک بڑی تعداد نے اپنی مانگوں کے لیے زبردست احتجاج کیا۔ مظاہرین نے نعرے بازی کرتے ہوئے اپنی ناراضگی ظاہر کی اور اپنے مطالبات سامنے رکھے۔ مظاہرین نے پر جوش انداز میں اپنے مطالبات دہراتے ہوئے کہا کہ ان کے بقول سرکار ان سے کام تو لینا چاہتی ہے، لیکن کام کے بدلے ان کے جائز مطالبات کو نظر انداز کرتی ہے۔
مزید پڑھیں:Patwaris on Pen Down Strike بڈگام میں بھی پٹواری کام چھوڑ ہڑتال پر
مہنگائی کے اس دور میں ان کے تنخواہوں میں اضافہ کے علاوہ دیگر مطالبات کو بھی نظر انداز کر رہی ہے اور اب وہ مجبوراً احتجاج کر رہے ہیں۔احتجاجیوں نے کہا کہ حالانکہ ہمیں معلوم ہے کہ پٹواریوں کے احتجاج سے عوام کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے تاہم ہمیں احتجاج پر مجبور کیا جا رہا ہے۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے آل جموں وکشمیر پٹوار ایسوسی ایشن کے ایک عہدیدار شکیل احمد نے بتایا کہ ہماری کمیونٹی ایک مہذب کمیونٹی ہے، جس کو سرکار کی جانب سے غیر سنجیدہ رویہ اپنائے جانے کے بعد اب ہڑتال کا سہارا لینا پڑ رہا ہے۔ ہم احتجاج کے قائل نہیں ہیں، لیکن کیا کیا جائے جب حکومت بے رحم بنے گی اور ہماری مانگوں کو ردی کی ٹوکری میں پھینکنے لگی تو اس صورت حال میں سوائے احتجاج کے اور کوئی راستہ باقی نہیں ہیں۔