وادی کشمیر کے نوجوان اب قومی سطح کے علاوہ بین الاقوامی سطح پر بھی ہر میدان میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوانے میں کافی آگے بڑھ رہے ہیں، انہی نوجوانوں میں ضلع پلوامہ کے قصبہ پامپور سے تعلق رکھنے والے 22 سالہ معروف ہلال کا نام قابل ذکر ہے۔ جنہوں نے حال ہی میں فلپائن میں منعقدہ 16ویں ورلڈ مارشل آرٹ چیمپئن شپ میں کانسے کا تمغہ جیتا ہے۔ جس پر مذکورہ نوجوان کی ہر طرف تعریف ہو رہی ہے۔ فلپاٸن سے گھر واپس لوٹنے پر ضلع انتظامیہ کے افسران، فوج اور رشتہ داروں نے معروف ہلال کا والہانہ استقبال کیا اور اسے مبارکبادی پیش کی۔Meet Maroof Hilal
معروف ہلال صوفی نے چیمپئن شپ میں کانسے کا تمغہ جیت کر ملک کے ساتھ ساتھ وادی کشمیر کا بھی نام روشن کیا ہے۔ معروف ہلال بین الاقوامی سطح کے ٹورنامنٹ سے پہلے قومی سطح پر بھی اپنا لوہا منوانے میں کافی حد تک کامیاب رہے ہیں۔ انہوں نے قومی سطح پر چھ گولڈ میڈل بھی اپنے نام کیے ہیں۔ 22 سالہ معروف نے مارشل آرٹ کھیلنا محض آٹھ سال کی عمر سے ہی شروع کر دیا تھا اور سخت محنت کے بعد قومی سطع سے بین الاقوامی سطح پر اپنا قدم جمانے میں کامیاب ہوئے۔ معروف نے کہا کہ اگلی بار وہ زیادہ محنت کریں گے تاکہ وہ سونے کا تمغہ جیت سکیں۔ معروف نے کہا کہ نوجوانوں کو کھیل کود میں جانا چاہیے، اس سے جسمانی طور تندرست بھی رہیں گے اور ساتھ ہی وہ منشیات جیسے بوری عادت سے بھی اپنے آپ کو دور رکھ سکیں گے۔