جنوبی کشمیر کے ضلع پلوامہ کے شار شالی وہاب صاب گاؤں میں اُس وقت خوف و ہراس کا ماحول پیدا ہو گیا جب گاؤں کے رہائشی علاقے میں تین ریچھوں کو دیکھا گیا۔
ریچھوں کو رہائشی علاقے میں دیکھے جانے کے بعد لوگوں نے وائلڈ لائف محکمہ کے افسروں کو مطلع کیا جس کے فوراً بعد وائلڈ لائف کی ٹیم علاقے میں پہنچ گئی اور انہوں نے جنگلی ریچھوں کو پکڑنے کی کوشش کی۔ تاہم موقع سے دو ریچھ جنگل کی طرف بھاگ گئے جبکہ ایک ریچھ نے رہائشی علاقے میں سفیدے کے درخت پر پناہ لی۔
وائلڈ لائف ٹیم نے ریچھ کو زندہ پکڑنے کے لئے جال بچھایا تاکہ ریچھ کو سلامتی کے ساتھ پکڑا جائے اور محفوظ جگہ کی طرف روانہ کیا جائے۔
محکمہ کے افسروں نے کافی مشقت کے بعد جنگلی ریچھ کو سفیدے کے درخت سے اُتار کر اسے محفوظ جگہ کی طرف چھوڑ دیا۔
محکمہ کے ایک ریسکیو آفسر نے کہا کہ ان کو جوں ہی خبر ملی کہ ریچھوں نے رہائشی علاقے میں پنالی تو انہوں نے جال بچھایا اور لوگوں کو گھروں میں رہنے کا مشورہ دیا تاکہ جنگلی جانور کسی کو نقصان نہ پہنچائے۔
انہوں نے کہا کافی مشقت کے بعد دو ریچھوں کو رہائشی علاقے سے بھاگ نکالنے میں وہ کامیاب ہوئے جبکہ ایک ریچھ نے ایک درخت پر پناہ لے رکھی تھی اور بعد میں اسے بھی سلامتی کے ساتھ محفوظ جگہ کی طرف روانہ کیا گیا۔