پانچ اگست کو جموں و کشمیر کے ضلع پونچھ میں واقع منڈھر سب ڈویزن کے منکوٹ سیکٹر میں پاکستان کی جانب سے آٹھ علاقوں کو نشانہ بنا کر مورٹار داغے گئے۔ اس گولہ باری میں کئی گھروں کو نقصان ہوا ہے۔
مقامی لوگوں کے مطابق پاکستان نے بدھ کی پوری رات سرحد کے ساتھ لگنے والے دیہی علاقوں میں گولہ باری کی جہاں لوگ دہشت میں تھے۔
مقامی خاتون تعظیم اختر نے بتایا کہ 'ہم رات کو گھر کے باہر ہی تھے کہ اچانک پاک کی جانب سے مورٹار شیل داغا گیا، جس میں میرا پورا گھر تباہ ہو گیا۔ گھر کی کوئی بھی چیز سلامت نہیں بچی۔' انہوں نے بتایا کہ 'جب گولہ باری ہوئی تو مجھے اور میرے بچوں کو مقامی وارڈ ممبر نے بچایا اور اپنے گھر لے گئے۔ ہم بہت پریشان ہیں۔'
یہ بھی پڑھیں: سرحدی فائرنگ سے متاثرہ لڑکی کی دردناک داستاں
گاؤں والوں نے بتایا کہ اس وقت مکی کا سیزن ہے اور جو ہماری مکی اگ رہی ہے وہ گولہ باری میں پوری طرح سے تباہ ہو گئی ہے۔ ہم حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ ہماری مدد کی جائے۔
بتایا جاتا ہے کہ پاکستان نے 48 گھنٹے میں دوسری بار جنگ بندی کی خلاف ورزی کی ہے۔ اس سے قبل بھی لوگوں کو کافی نقصان ہوا تھا۔ لوگوں کا کہنا ہے کہ بھارت کے وزیراعظم نریندر مودی پاکستان سے بات کریں تاکہ روزانہ ہونے والی گولہ باری سے نجات ملے۔
پاکستان کی اس گولہ باری کا بھارتی فوج نے جواب دیا۔ بتایا جاتا ہے کہ پاکسان پانچ اگست کو اس لیے گولہ باری کر رہا تھا کیوں کہ پانچ اگست کو ہی جموں و کشمیر سے دفعہ 370 ہٹائی گئی تھی اور اسی روز ایودھیا میں رام مندر کے لیے بھومی پوجن بھی تھا۔