مہلک وبا کورونا وائرس مہاراشٹر میں تیزی سے پھیل رہا ہے جس کی وجہ سے مہاراشٹر کے وزیر اعلی ادھو ٹھاکرے نے اتوار کے روز عہدیداروں کو لاک ڈاؤن پر عمل درآمد کے لیے لائحہ عمل تیار کرنے کی ہدایت دی۔ تاہم مہاراشٹر حکومت کی اتحادی جماعت این سی پی لاک ڈاؤن نافذ کرنے کے حق میں نہیں ہے۔
ریاستی وزیر نواب ملک کا کہنا ہے کہ ہم لاک ڈاؤن نہیں لگا سکتے، ہم نے وزیر اعلی سے دوسرے آپشنز پر غور کرنے کو کہا ہے۔ نواب ملک نے کہا کہ کورونا کے بڑھتے ہوئے کیسز کی وجہ سے انہوں نے انتظامیہ کو لاک ڈاؤن کے لیے تیار رہنے کی ہدایت دی ہے لیکن اگر لوگ کورونا گائیڈ لائن پر عمل کرتے ہیں تو اس سے بچا جاسکتا ہے۔
مہاراشٹر بی جے پی کے صدر چندرکانت پاٹل نے پیر کے روز کہا کہ لاک ڈاؤن کے نفاذ سے کورونا انفیکشن کا مسئلہ حل نہیں ہوگا۔ پونے پولیس کمشنر امیتابھ گپتا سے ملاقات کے بعد پاٹل نے صحافیوں کو بتایا کہ نہ صرف بی جے پی بلکہ غیر منظم شعبے کے تمام کاروباری اور کارکنان بھی اس لاک ڈاؤن کی مخالفت کریں گے۔
بی جے پی رہنما نے کہا کہ لاک ڈاؤن ریاست میں انفیکشن کے بڑھتے ہوئے معاملات کا جواب نہیں ہے۔ اگر لاک ڈاؤن پر عمل درآمد ہوتا ہے تو ریاستی حکومت متاثرہ لوگوں کو کوئی ریلیف پیکیج نہیں دے گی۔
گزشتہ ایک برس میں لوگوں نے کیسے زندگی گزاری ہے، اس کو ماتوشری میں بیٹھ کر نہیں سمجھا جاسکتا۔
پاٹل نے کہا کہ نائٹ کرفیو سے کوئی اعتراض نہیں ہے لیکن دن میں سرگرمیاں جاری رہنی چاہئے۔
پیر کے روز مہاراشٹر میں کورونا وائرس کے 31،643 نئے کیسز سامنے آئے ہیں۔ وہیں اس مہلک وبا سے 102 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔