نکاح کو آسان بنانے اور ضرورت مندوں کو طبی سہولتوں فراہم کرنے کے مقصد سے مالیگاؤں کی سماجی تنظیم 'نصر فاونڈیشن' نے نکاح فورم اور میڈیکل انفارمیشن سینٹر کی بنیاد ڈالی ہے۔
گزشتہ جمعہ 19 فروری کی شام شہر کی سرکردہ شخصیات کی موجودگی میں مرزا غالب روڈ پر جونا فاران ہسپتال کے سامنے سویدھا مارکیٹ میں نصر نکاح فورم (میریج بیورو) اور نصر میڈیکل انفارمیشن سینٹر کا افتتاح عمل میں آیا۔
نکاح فورم (میریج بیورو) کے ذریعہ تمام مسالک اور برادری کے رشتوں کا ڈاٹا جمع کیا جائے گا اور بوقت ضرورت انہی کی مدد سے رشتے طے پائیں گے۔ جو معلومات لی جائے گی انہیں صیغہ راز میں رکھا جائے گا۔ ساتھ ہی ساتھ جن کا رشتہ طے ہوگا ان کی کونسلنگ بھی کی جائے گی تاکہ نکاح کے مقاصد اور رشتوں کی اہمیت کو شادی سے پہلے ہی سمجھایا جا سکے۔
اس نکاح فورم کے توسط سے اقلیتی طبقے کو شادی کے لیے حکومت سے جو سہولتیں مل سکتی ہیں، اسے بھی حاصل کرنے کی کوشش کی جائے گی اور شہر کے معتبر، مخلص اور تجربہ کار افراد کے ذریعہ یہ خدمات انجام دی جائیں گی۔
![نکاح فورم اور میڈیکل انفارمیشن سینٹر کا آغاز](https://etvbharatimages.akamaized.net/etvbharat/prod-images/malegaon_20022021201211_2002f_1613832131_467.jpg)
اسی طرح نصر میڈیکل انفارمیشن سینٹر کے قیام کا مقصد طبی سہولتوں کے لیے ضرورت مندوں کی رہنمائی کرنا ہے تاکہ جیون دائی میڈیکل اسکیم اور دیگر سرکاری اسکیموں کا فائدہ انہیں بآسانی مل سکے۔
میڈیکل انفارمیشن کے ذریعہ بڑی بیماریوں کے علاج کے لیے بیرون شہر کے طبی مراکز کی معلومات فراہم کی جائے گی اور اس سلسلے میں جو ادارے مالی تعاون کرتے ہیں ان تک رسائی کی سبیل پیدا کرنا بھی اس کے مقاصد میں ہے۔
واضح رہے کہ شہر میں نصر فاونڈیشن کے ذریعے نصر میڈیکل (جن اوشدھی کیندر) جاری ہے۔ اس کے علاوہ دور دراز کی میتوں کو قبرستان لانے کے لیے 'سیارہء آخرت' کے نام سے ایک گاڑی کی خدمات بھی کامیابی سے جاری ہے۔