ریاست مہاراشٹر کے معروف شہر مالیگاؤں میں کانگریس کے سابق صدر اور کانگریس پارٹی سے سنہ 2014 میں رکن اسمبلی رہے آصف شیخ رشید نے آج کانگریس پارٹی سے استعفیٰ دے دیا۔
شیخ آصف نے اپنے بیان میں بتایا کہ وہ ذاتی طور پر کانگریس پارٹی سے استعفیٰ دے رہے ہیں۔ واضح رہے کہ موصوف نے مہاراشٹر پردیش کانگریس صدر نانا پٹولے کو ای میل کیا اور اس استعفیٰ نامہ کی ایک کاپی مقامی کانگریس صدر شیخ رشید کو دی۔
آصف شیخ نے اپنے بیان میں مزید کہا کہ وہ کانگریس پارٹی کو اس شہر میں گزشتہ کئی سالوں سے زندہ رکھے ہوئے ہے اور اس پارٹی کے ساتھ ہمیشہ انصاف کیا ہے۔ کانگریس پارٹی کے ہائی کمان کو کبھی مایوس نہیں کیا۔
وہیں انہوں نے کہا کہ شیخ رشید نے کانگریس پارٹی کو مالیگاؤں شہر میں مضبوط کیا اور آج بھی یہ پارٹی شیخ رشید فیملی کی قیادت میں مستحکم ہے۔
واضح رہے کہ کانگریس پارٹی نے مالیگاؤں میونسپل کارپوریشن میں 29 نشستوں پر کامیابی حاصل کرتے ہوئے اقتدار حاصل کیا اور شیخ آصف نے سنہ 2002 میں پہلے کارپوریشن کے الیکشن میں ہزار ووٹوں سے کامیابی حاصل کی تھی اور اس وقت کانگریس 9 سیٹوں پر سمٹ گئی تھی۔ اس کے باوجود بھی شیخ آصف نے 2005 میں شہر کے دوسرے میئر کا خطاب اپنے نام کیا۔ موصوف نے سنہ 2007 میں دوسرا الیکشن بلا مقابلہ کامیاب کیا اور 2007 سے لیکر 2012 تک مالیگاؤں کارپوریشن میں کانگریس پارٹی کی جانب سے 'گٹ نیتا' رہے ہیں۔
بعدازاں شیخ آصف مالیگاؤں مہا نگر ضلع کانگریس کے 2011 سے 2015 تک صدر رہے اور سنہ 2014 میں آصف شیخ کانگریس کے نشان پنجہ سے رکن اسمبلی منتخب ہوئے اور 2019 کے اسمبلی انتخابات میں آصف شیخ کو شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
یہ بھی پڑھیں: راجیہ سبھا میں جموں و کشمیر تنظیم نو (ترمیمی) بل منظور
شیخ آصف نے اس بات پر روشنی ڈالی کہ وہ اب شہر بھر میں دورہ کرتے ہوئے نوجوانوں سے اور خواتین سے مشورہ کریں گے اور مستقبل کا لائحہ عمل طے کریں گے
انہوں نے کہا کہ شہر کے مسائل کے لئے عوام سے مشورہ لیکر کام کاج کریں گے۔