ہر سال 9 نومبر (اقبال ڈے) کو یومِ اردو کے طور پر منایا جاتا ہے۔ بیک وقت دنیا کے مختلف خطوں میں منائے جانے کی وجہ سے 9 نومبر عالمی یومِ اردو سے موسوم کیا جاتا ہے۔ اسی مناسبت سے گذشتہ کل مہاراشٹر کے شہر مالیگاؤں میں بعد نماز عشا ضلع اردو پترکار سنگھ و اردو میڈیا سینٹر کی جانب سے اردو میڈیا سینٹر میں بعنوان بزم اردو کا انعقاد کیا گیا۔ اس پروگرام کی صدارت اردو میڈیا سینٹر کے صدر اسماعیل شیخ نے کی۔
اس موقع پر شہر کے سنیئر و بزرگ صحافی لطیف جعفری، معروف ادیب سلیم جہانگیر، مشہور افسانہ نگار ہارون اختر، مشہور شاعر انیس نیّر، ڈرامہ نگار سراج دلار، صحافی افتخار احمد (کرائم رپورٹر) اور نوجوانوں کے نمائندہ شاعر فرحان دل کے علاوہ اردو میڈیا سینٹر پر اپنی بےلوث خدمات انجام دینے والے اعجاز احمد نے شرکت کی۔ ان تمام شخصیات کو اردو ادب کیلئے ان کی خدمات کے عوض شال کا نذرانہ پیش کیا گیا۔ اسی کے ساتھ اردو صحافیوں اور اردو اخبارات کے نمائندوں کا بھی استقبال کیا گیا۔
اس موقع پر ڈرامہ نگار و سابق مدرس سراج دلار نے اردو زبان و ادب کی اہمیت اور ضرورت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ آج عالمی یوم اردو کے موقع پر میڈیا سینٹر پر اس تقریب کا انعقاد قابل ستائش ہے۔ انہوں نے اردو داں طبقہ کے ساتھ ساتھ ان غیر مسلم افراد کو بھی آئندہ تقریبات میں مدعو کرنے کا مشورہ دیا جو اردو زبان و ادب سے شغف رکھتے ہیں اور کسی نہ کسی درجہ میں اردو زبان کی خدمت کرتے ہیں۔ اس کے علاوہ میڈیا سینٹر پر اردو زبان سکھانے کا نظم کرنے کا بھی مشورہ دیا۔
مزید پڑھیں:مالیگاؤں میں سول سروسز کی تیاریاں کیلئے ایک سینٹر کا قیام ضروری: اشفاق عمر
افسانہ نگار ہارون اختر نے کہا کہ ہندوستان کی کرنسی پر دس زبانوں میں روپے کی قیمت درج کی گئی ہے جس میں اردو بھی شامل ہے لیکن دسویں نمبر پر اردو زبان ہونے سے ہمیں مایوس ہونے کی ضرورت نہیں کیونکہ اردو بنیاد کا پتھر ہے۔ اس لیے سب سے نیچے درج کی گئی ہے۔ تاہم شیخ زاہد (بیباک) نے نظامت کے فرائض انجام دیے جبکہ صابر گوہر نے اس تقریب کے اغراض و مقاصد بیان کیے۔