ممبرا کلوا اسمبلی نشست پر ایم آئی ایم کے امیدوار کی جانب سے پرچہ واپس لینے کے بعد اس بات پر بحث جاری تھی کہ اب ایم آئی ایم حلقے میں کس امیدوار کی حمایت کرے گی؟
مہاراشٹر کے ممبرا کلوا اسمبلی نشست پر ایم آئی ایم کے عہدیداروں نے صورتحال واضح کرتے ہوئے عام آدمی پارٹی کے امیدوار کی حمایت کا اعلان کردیا ہے۔
اس اسمبلی نشست سے ایم آئی ایم امیدوار برکت اللہ شیخ نے اچانک پرچہ نامزدگی واپس لیتے ہوئے نشنلشٹ کانگریس پارٹی کے امیدوار کی حمایت کا اعلان کردیا تھا جس کے بعد پارٹی کے اعلیٰ رہنماؤں نے امیدوار اور ان کی کارپوریٹر بہو کو پارٹی سے بر طرف کرتے ہوئے عام آدمی پارٹی کے امیدوار ابو التمش فیضی کی حمایت کا فیصلہ کیا ہے۔
واضح رہے کہ 6 اکتوبر کو ممبرا کلوا اسمبلی حلقہ سے مجلس اتحاد المسلمین کے امیدوار برکت اللہ شیخ کی جانب سے پرچہ نامزدگی واپس لینے کے بعد اب ایم آئی ایم عام آدمی پارٹی کے امیدوار ابوالتمش فیضی کو کے حق میں ووٹ کی اپیل کرے گی۔
اس بات کا اعلان ایم آئی ایم کے مقامی صدر عبدالرؤف لالہ نے کیا ہے۔
اس کے علاوہ صنعتی شہر بھیونڈی میں بھی مجلس اتحاد المسلمین نے آزاد امیدوار خالد گڈو کی حمایت کا فیصلہ کیا ہے۔
اب یہ دیکھنا دلچسپ ہوگا کہ آزاد امیدوار اور عام آدمی پارٹی کے امیدوار ایم آئی ایم کی حمایت حاصل ہونے کے بعد نتائج پر کتنا اثر ڈالتے ہیں۔