مہاراشٹر بی جے پی کے صدر راؤ صاحب دانوے نے جالنہ پارلیمانی حلقے کے بھوکردن پولنگ بوتھ پر پہنچ کر حق رائے دہی کا استعمال کیا۔
اس کے ساتھ ہی اورنگ آباد کے رکن پارلیمان چندرکانت کھیرے نے اورنگ پورہ کے ضلع پریشد پولنگ بوتھ پر پہنچ کر ووٹ دیا۔
راؤ صاحب دانوے نے کہا کہ ' 2014 میں مودی کا نام تھا لیکن اب ان کا کام بھی بول رہا ہے۔ اس لحاظ سے مستقبل میں نریندر مودی ہی ملک کی باگ ڈور سنبھالیں گے۔'
راؤ صاحب دانوے جالنہ پارلیمانی حلقے سے بی جے پی کے امیدوار ہیں۔
چند کانت کھیرے نے کہا کہ ' مرکز میں مودی کی قیادت میں ایک مستحکم حکومت بننے جا رہی ہے اور ملک کا استحکام اسی میں پوشیدہ ہے۔'
چندر کانت کھیرے نے دعویٰ کیا کہ ایم آئی ایم کو اورنگ آباد میں کوئی جگہ نہیں ملے گی۔'
ایک سوال کے جواب میں چندر کانت کھیرے نے اپنے مبینہ بیان سے انحراف کرتے ہوئے کہا کہ ' وہ بال ٹھاکرے کی تعلیمات پر عمل پیرا ہیں۔ اورنگ آباد کے رکن پارلیمان نے یہ دعویٰ بھی کیا کہ وہ پانچویں بار منتخب ہوں گے اور ریکارڈ بنائیں گے۔
اس موقع پر چندرکانت کھیرے کی والدہ، اہلیہ اور پورا خاندان موجود تھا۔ ان تمام لوگوں نے بھی حق رائے دہی میں حصہ لیا۔
کانگریس کے امیدوار ولاس اوتاڑے نے کہا کہ 'جالنہ پارلیمانی حلقے میں تبدیلی کی لہر ہے۔ لوگ موجودہ حکومت سے بدظن ہیں اور کسان پریشان ہیں۔'
اوتاڑے نے دعویٰ کیا کہ کانگریس کے حق میں ماحول سازگار ہے۔