ریاست مہاراشٹر کے اورنگ آباد میں شاہی مسجد سے متصل وقف اراضی پر حج ہاؤس کا تعمیری کام کچھوے کی رفتار سے آگے بڑھ رہا ہے۔ ای ٹی وی بھارت کی خبر کا اثر یہ ہوا کہ ایم آئی ایم کے رکن پارلیمان سید امتیاز جلیل نے حج ہاؤس پہنچ کر تعمیراتی کام کا تفصیلی جائزہ لیا۔
سڈکو کے افسران اور کانٹریکٹرز نے ایم پی جلیل کو تمام تر تفصیلات سے آگاہ کیا۔ دیڑھ ایکڑ پر تعمیر ہو رہی اس عمارت کے چپے چپے کا ایم پی جلیل نے جائزہ لیا اور افسران و انجینئرس کو مناسب ہدایات دیں۔ ایم پی جلیل نے حج ہاؤس کی تعمیر کے حوالے سے ریاستی حکومت کے رویے پر نکتہ چینی بھی کی۔
حج ہاؤس کی تعمیر میں تاخیر کا نتیجہ یہ ہوا کہ تیس کروڑ کے بجٹ میں میں بننے والی عمارت پر اب بیالیس کروڑ روپیہ خرچ آرہا ہے۔ سڈکو انتظامیہ کا نیا تخمینہ حکومت کے زیر غور ہے۔ تاہم ایم پی جلیل کا کہنا ہے کہ مزید انتظار کے بجائے کلکٹر کے توسط سے بقیہ کام مکمل کیا جائے گا۔
اورنگ آباد میں زیر تعمیر حج ہاؤس میں آڈیٹوریم کے علاوہ بیالیس کمرے، عالیشان مسجد اور عازمین کے قیام کے لحاظ سے تمام تر سہولیات کا خیال رکھا گیا ہے۔ ایم پی جلیل کا کہنا ہے کہ تاخیر سے ہی صحیح لیکن ایک عالشیان حج ہاؤس تعمیر ہورہا ہے۔
ساتھ ہی انہوں نے اس بات کی یقین دہانی کرائی کہ ممبئی حج ہاؤس کی طرز پر اورنگ آباد حج ہاؤس میں بھی 'پری آئی اے ایس کوچنگ کلاسیز' کو یقینی بنایا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں: PM Modi: وزیر اعظم نریندر مودی نے شنکراچاریہ کے مجسمے کی نقاب کشائی کی