اورنگ آباد: ریاست مہاراشٹر کے ضلع اورنگ آباد میں ایک دہائی سے حج ہاؤس کا کام جاری تھا لیکن اب یہ کام مکمل ہوچکا ہے لیکن اب تک اس حج ہاؤس کا افتتاح نہیں ہوا ہے۔ اس معاملے پر اورنگ آباد کانگریس اقلیتی سیل کے ذمہ داران نے حج ہاؤس بلڈنگ کا تالا توڑو احتجاج کیا۔ کانگریس شہر صدر شیخ یوسف کا کہنا ہے کہ نو تعمیر شدہ حج ہاؤس کا کام سی ٹی اینڈ انڈسٹریل ڈویلپمنٹ کارپوریشن (سیڈکو) کی جانب سے مکمل کر لیا گیا لیکن حاجی اس سال حج کے لیے جامع مسجد سے روانہ ہورہے ہیں، حج ہاؤس سے حاجیوں کو جانے کی اجازت نہیں ہے۔ اس لیے حج ہاؤس کا تالا کھولنے کے لیے آج کانگریس سڑک پر اتر آئی ہے۔ کانگریس کا الزام ہے کہ حج ہاؤس کا کام پورا مکمل ہو گیا ہے لیکن ریاستی حکومت جان بوجھ کر حج ہاؤس کا افتتاح نہیں کر رہی ہے۔
ساتھ ہی کانگریس کے لیڈران کا کہنا ہے کہ اورنگ آباد سے جانے والے حاجیوں کو 88 ہزار روپے اضافی رقم جمع کرنی پڑی ہے اور اضافی رقم لینے کے بعد بھی اورنگ آباد کے حاجیوں کو حج کمیٹی سہولت فراہم نہیں کر رہی ہے۔ شیخ یوسف کا کہنا ہے کہ اس علاقے میں وندے ماترم اور حج ہاؤس کا ایک ہی وقت تعمیراتی کام شروع کیا گیا تھا لیکن افسوس کی بات یہ ہے کہ تعمیراتی کام مکمل ہونے کے باوجود حج ہاوس کا اب تک افتتاح نہیں کیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں:Maharashtra State Waqf Board مہاراشٹر اسٹیٹ وقف بورڈ کی نئی پالیسی پر غور و فکر
شیخ یوسف کا کہنا ہے کہ ایک طرف مرکزی اور ریاستی حکومت سب کا ساتھ سب کا وکاس کا نعرہ لگاتی ہے لیکن عام لوگوں بالخصوص اقلیتی طبقے کے ساتھ امتیازی سلوک کیا جا رہا ہے۔