اورنگ آباد: اورنگ آباد شہر میں گزشتہ دو روز سے بارش جاری ہے اس کے باوجود اورنگ آباد ایکشن کمیٹی کی قیادت میں نام تبدیلی کے خلاف بھڑکل گیٹ سے معلنہ وقت پر ریلی نکالی گئی، بارش کے باوجود ہزاروں افراد نے اس ریلی میں شرکت کی، اس موقع پر ایم پی امتیاز جلیل نے بھڑکل گیٹ میں ڈاکٹر بابا صاحب امبیڈکر کے مجسمے کو ہار پہنایا اور باضابطہ ریلی کا آغاز ہوا، یہ ریلی بھڑکل گیٹ سے عام خاص میدان پہنچ کر جلسے میں تبدیل ہوئی اس جلسے سے اورنگ آباد ایکشن کمیٹی کے ارکان نے خطاب کیا اور اورنگ آباد شہر کا نام کیوں تبدیل نہیں ہونا چاہیے اس کی وجوہات بتائی ، ساتھ ہی اس بات کا عزم بھی کیا کہ کسی صورت میں اورنگ آباد شہر کا نام تبدیل نہیں ہونے دیا جائے گا اور ہر محاذ پر حکومت کے فیصلے کی مخالفت کی جائے گی ۔
عام خاص میدان میں بارش کے باوجود ہزاروں افراد ٹس سے مس نہیں ہوئے اور دیڑھ گھنٹے تک پورے صبر و تحمل کے ساتھ میدان میں کھڑے رہے، اس دوران ایکشن کمیٹی کے اراکین نے ڈیویژنل کمشنر آفس پہنچ کر ایکشن کمیٹی کی جانب سے ایک مطالباتی مکتوب ڈیویژنل کمشنر کے توسط سے حکومت کو روانہ کیا اور تبدیلی نام کا فیصلہ فوری واپس لینے کا مطالبہ کیا ، کمیٹی ممبران کا کہنا ہیکہ وہ ہر محاذ پر ادھو ٹھاکرے حکومت کے فیصلے کی مخالفت کریں گے ۔
اورنگ آباد ایکشن کمیٹی کی قیادت میں نکالی گئی یہ ریلی ویسے تو کل جماعتی ریلی تھی لیکن اس ریلی میں عام لوگوں نے بھی بڑھ چڑھ کر حصہ لیا اور حکومت کے فیصلے کی مذمت کی ، شہریان کا کہنا ہیکہ حکومت کو اگر کچھ بدلنا ہے تو شہر کا نقشہ بدلے بنیادی سہولیات فراہم کریں اور شہر یان کے مسائل حل کریں، اسی طرح شہریان نے اورنگ آباد کو اپنی شناخت قرار دیا اور کہا کہ ہم سے کوئی ہماری شناخت نہیں چھین سکتا، جبکہ شیوسینا کے ضلعی صدر امبا داس دانوے نے ایم آئی ایم پر مسلمانوں کی پارٹی ہونے کا لیبل لگایا اور کہا کہ ایم آئی ایم کا اصلی چہرہ سب کے سامنے آگیا ہے ۔
اورنگ آباد تبدیلی نام مخالف ریلی میں نوجوانوں نے اپنے اپنے انداز میں اورنگ آباد کے نام سے محبت کا اظہار کیا نوجوانوں کے ایک گروپ نے آئی لو اورنگ آباد کے ٹی شرٹ زیب تن کیے تو ایم آئی ایم کے کچھ لیڈروں نے کالے فیتے باندھ کر ادھو ٹھاکرے حکومت کے فیصلے کی مذمت کی، مجموعی طور پر محبان اورنگ آباد نے ریلی اور جلسے میں شرکت کرکے اورنگ آباد سے اپنی والہانہ محبت کا ثبوت دیا ہے ۔
یہ بھی پڑھیں: Aurangabad Name Change Row: اورنگ آباد نام کی تبدیلی معاملے پر کوئی مشورہ نہیں کیا گیا، شرد پوار