جو لوگ قوم کی تعمیر کے جذبے سے سرشار ہوتے ہیں وہ کسی بھی قربانی سے پیچھے نہیں ہٹتے۔ اورنگ آباد میں ایسی ہی ایک مخلص شخصیت کی کاوشوں کا نتیجہ لائبریری، اسٹڈی سینٹر اور ریسرچ سینٹر Study Center and Research Center کے قیام کی صورت میں سامنے آیا ہے۔ سب سے خاص بات یہ ہے کہ اس شخص نے اپنے ذاتی سرمایے سے نجی ملکیت پر عوامی مفاد کے لیے ایک عظیم الشان لائبرری اور اسٹڈی سینٹر قائم کیا اور اس کے دروازے ہر مستحق اور ضرورت مند طلبہ کے لیے کھول دیے۔
اورنگ آباد شہر میں گنج شہیداں مسجد کے عقب میں مدنی چوک علاقے میں واقع اس وسیع وعریض عمارت کا نام حسرت موہانی پبلک لائبریری و اسٹڈی اور مولانا عبدالغفور ندوی ریسرچ سینٹر Maulana Abdul Ghafoor Nadvi Research Center ہے۔
یہ عمارت جدید ترین سہولیات سے آراستہ ہے۔ اس لائبرری میں دینی و عصری علوم اور مسابقتی امتحانات سے متعلق ساڑھے چار ہزار کتابوں کا ذخیرہ موجود ہے۔
اسی طرح انفارمیشن سینٹر میں سرکاری دستاویزات کی تیاری، اسکالر شپ فارم پُر کرنے، مسابقتی امتحانات کی معلومات فراہم کرنے کا کام کیا جاتا ہے۔ یہ تمام سہولیات مفت فراہم کی جاتی ہیں۔
لائبریری میں طلبا و طالبات کی سہولت کے لیے باضابطہ اسٹڈی سینٹر بنایا گیا ہے جس میں تمام تر جدید سہولیات کا خیال رکھا گیا۔
یہاں انٹرنیٹ اور وائی فائی کی سہولت بھی ہے۔ اس کے علاوہ خواتین اور طالبات کے لیے علیٰحدہ سے کمرے مختص ہیں۔ اسٹڈی سینٹر میں طلبہ کے لیے کمپیوٹر کے بیسک کورس اور مراٹھی زبان کی کلاسیز ہوتی ہیں۔ پولیس محکمہ سے وظیفے پر سبکدوش انور جاوید مراٹھی کے لیے رضاکارانہ خدمات انجام دیں رہے ہیں۔
اورنگ آباد کی قابل احترام شخصیت امان اللہ خان اور ان کے احباب کی کاوشوں سے اس لائبریری اور ریسرچ سینٹر کا قیام عمل میں آیا۔ یہ ادارہ خالص قوم و ملت کی خدمت کے جذبے سے قائم کیا گیا ہے۔ اس ادارے میں دو تدریسی اور چار غیر تدریسی افراد پر مشتمل عملہ خدمات انجام دے رہا ہے۔ اس لائبریری کی ایک خاص بات یہ بھی ہے کہ اس میں آپ کو وقف امور سے متعلق وہ دستاویزات بھی مل جائیں گے جو وقف بورڈ کے ریکارڈ میں موجود نہیں ہیں۔