ریاست مہاراشٹر کے ضلع اورنگ آباد میں انسانیت کو شرمسار کر دینے والا واقعہ پیش آیا ہے جہاں گھر والوں نے 90 سالہ خاتون رشتہ دار کو جنگل میں پھینک دیا اور وہاں سے فرار ہو گئے۔
واضح رہے کہ اورنگ آباد کے چکل تھانہ پولیس اسٹیشن کو خبر ملی تھی کہ ایک 90 سالہ سن رسیدہ خاتون اورنگ آباد سے 20 کلو میٹر دوری پر واقع کچّی پہاڑی گھاٹ علاقے میں رات کے اندھیرے میں پڑی ہوئی ہیں۔
جس کے بعد پولیس وہاں پہنچی اور 90 سالہ ضعیف خاتون سے بات کرنے کی کوشش کی لیکن وہ ضعیف عورت اتنی کمزور ہو گئی تھی کہ بات بھی نہیں کر سکتی تھی جس کے بعد پولیس نے اسے اورنگ آباد کے سرکاری اسپتال میں داخل کروایا اور اسپتال میں اس ضعیف خاتون کا کورونا ٹیسٹ بھی کروایا گیا جس میں ان کی رپورٹ مثبت آئی۔
فی الحال متاثرہ خاتون اورنگ آباد کے سرکاری اسپتال میں زیر علاج ہیں اور ان کی صحت میں بھی بہتری آرہی ہے۔
اس تعلق سے تحقیقاتی افسر انسپکٹر مہیش اندلے نے بتایا کہ جس وقت ضعیف خاتون ملی تھی اُس وقت پولیس نے بہت کوشش کی کہ ان کے رشتہ داروں کا پتہ چل سکے لیکن کافی کوششوں کے باوجود بوڑھی خاتون کے رشتہ داروں کا پتہ نہ چل سکا۔
تب پولیس نے ان کی فوٹو سوشل میڈیا پر ڈال دی تب چند جاننے والوں نے پولیس کو یہ بتایا کہ خاتون اورنگ آباد کے برجواڑی علاقے کی رہنے والی ہیں جو گداگری کرکے اپنی گزر بسر کررہی ہیں، متاثرہ خاتون اپنی ایک بہن کی بہو کے یہاں رہتی ہے۔
حالانکہ چکل تھانہ پولیس نے اس معاملے میں مینٹینینس اینڈ ویلفیئر آف پرنٹس اینڈ سینیئر سٹیزن ایکٹ 2007 کی سیکشن 24 کے تحت کیس درج کیا ہے ساتھ ہی خاطیوں کو گرفتاری کی کارروائی بھی عمل میں لائی جائے گی۔