بھوپال: ریاست مدھیہ پردیش میں بھارتیہ جنتا پارٹی کے ذریعہ اسمبلی انتخابات جلد ہونے کے سبب ریاست کے سبھی محکموں میں تقرری کیے جانے کا سلسلہ جاری ہے۔ اسی سلسلے میں آج ریاستی حکومت کے ذریعہ یوگ کمیشن میں وید پرکاش شرما کو صدر کے عہدے پر فائز کیا گیا۔ یوگ کمیشن کے صدر کا عہدہ سنبھالتے ہوئے جب ویدپرکاش شرما سے میڈیا نے سوال کیا کہ وہ یوگا کو لے کر ریاست میں کس طرح کا کام کریں گے تو انہوں نے میڈیا کے سوالوں کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ ہم ریاست کی سبھی اسکولوں میں یوگا کی ٹریننگ دینے پر فوکس کریں گے۔ اس پر میڈیا نے وید پرکاش شرما سے سوال کیا کہ کیا یوگا ٹریننگ ریاست کے مدرسوں میں بھی نافذ کی جائے گی۔
نامہ نگاروں کے سوالوں کا جواب دیتے ہوئے وید پرکاش شرما نے کہا کہ جس طرح سے دیگر تعلیمی ادارے حکومت کے تحت آتے ہیں۔ اسی طرح سے مدارس بھی حکومت کے ماتحت چلائے جا رہے ہیں۔ اس لیے ہم اسکولوں اور مدارس میں کوئی فرق نہیں کرتے اس لیے اسکولوں کے ساتھ مدرسوں میں بھی یوگا ٹریننگ کے پروگرام چلائے جائیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کی یوگا کسی مذہب یا خاض فرقہ کی چیز نہیں ہے۔ کئی ملکوں میں انٹرنیشنل یوگا ڈے منایا جاتا ہے۔ ساتھ ہی انہوں نے یہ بھی بتایا کی اس سیشن سے پہلے سے ہی بارہویں تک کی کلاسیس کے نصاب میں بھی یوگا کو شامل کیا گیا ہے جس کی کتابیں بھی چھپ چکی ہے۔ گرام پنچایتوں سے لے کر شہری علاقوں میں یوگ سینٹر کھولے جائیں گے۔ یوگا سبھی تعلیمی اداروں میں اسی طرح سے نافذ کیا جائے گا جس طرح سے نصاب کی کتابیں اور دیگر اشیاء اس لیے اس پر کسی کو بھی اعتراض نہیں ہونا چاہیے۔
یہ بھی پڑھیں:Unani Dr. Azam Awarded یونانی پیتھی میں ڈاکٹر اعظم کو حکیم عبداللطیف فلسفی ایوارڈ سے نوازا گیا
وید پرکاش شرما نے کہا کہ یوگ سے طلبا کی نہ صرف جسمانی بلکہ ذہنی تربیت بھی ہوگی۔ واضح رہے کہ ریاست مدھیہ پردیش میں پہلے ریاستی حکومت کے ذریعہ مدرسوں کے نصاب اور ان کے رجسٹریشن پر سوال اٹھائے جا رہے تھے۔ اس کے بعد ریاست کے کئی مدرسوں کے سروے کیے گئے جو ابھی بھی جاری ہے۔ اب یوگ کمیشن کے نو منتخب صدر وید پرکاش شرما نے سب ہی اسکولوں کے ساتھ مدارس میں یوگا سینٹر کھولنے پر بیان دیا ہے۔