کھرگون: مدھیہ پردیش کے کھرگون ضلع میں اون ڈیولپمنٹ بلاک ہیڈکوارٹر میں ماتا کے وسرجن کے دوران سابودانے کی کھچڑی کھانے کے بعد فوڈ پوائزننگ سے تقریباً 70 لوگ بیمار ہوگئے۔ کھرگون کے چیف میڈیکل اینڈ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر دولت سنگھ چوہان نے بتایا کہ کل رات تقریباً 70 لوگ اون ڈیولپمنٹ بلاک ہیڈکوارٹر میں فوڈ پوائزننگ کا شکار ہو گئے۔ زیادہ تر لوگوں نے پیٹ میں درد اور الٹی کی شکایت کی۔ انہوں نے بتایا کہ اون میں ہی 55 لوگوں کا علاج کیا گیا، جب کہ 15 کو ضلع اسپتال کھرگون میں داخل کرایا گیا۔ کھرگون کے سول سرجن امر سنگھ چوہان نے بتایا کہ ضلع اسپتال میں 15 لوگوں کا علاج کیا گیا، جن میں سے 8 کو آج صبح چھٹی دے دی گئی۔ متاثرہ افراد میں 3 طلباء بھی تھے جن کے آج امتحان تھے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز اترپردیش کے باغپت ضلع میں نوراتری کے موقع پر مذہبی تہوار (بھنڈارا) میں کھچڑی کھانے سے تقریباً 20 بچوں کی طبیعت بگڑ گئی۔ واقعہ کے بعد علاقے میں کہرام مچ گیا۔ سبھی کو اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ ان میں سے تین بچوں کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔ اسی اطلاع پر ضلعی پولیس بھی موقع پر پہنچ گئی۔ بتایا گیا کہ بھنڈارا میں کھچڑی کھانے سے کچھ لوگوں سمیت 20 کے قریب بچے بیمار ہو گئے۔ جلدی میں سبھی کو باغپت ضلع اسپتال میں داخل کرایا گیا۔ ایک ساتھ اتنے مریضوں کو دیکھ کر ڈاکٹروں کی بڑی تعداد ان کے علاج میں لگ گئی۔
یہ بھی پڑھیں: Dead Snake Found In Mid Day Meal مڈڈے میل میں سانپ برآمد ہونے کے بعد بچے بیمار
یو این آئی