ودیشہ کی ضلع انتظامیہ اور پولیس کو خبر ملی کہ شہر کی جامع مسجد میں 60 نمازی موجود ہیں۔ اطلاع ملتے ہی انتظامیہ کے افسران اور پولیس اہلکار مسجد پہنچے۔ وہاں نمازیوں کی بڑی تعداد مسجد میں موجود تھی۔
جامع مسجد کے باہر گیٹ پر ہی انتظامیہ اور پولیس کے افسران کھڑے ہوگئے، اور مسجد سے نکلنے والے 18 نمازیوں سے 100 -100 روپے چالان وصول کیے۔
یہاں بتا دیں کہ مدھیہ پردیش کی حکومت نے عبادت گاہوں میں پانچ سے زائد افراد کے جمع ہونے پر پابندی عائد کر رکھی ہے۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز ودیشہ میں 25 افراد کورونا کی اس مہلک وبا سے ہلاک اور 314 افراد متاثر پائے گئے۔
ودیشہ کے تحصیل دار سروج اگنی ونشی نے بتایا کہ 'آج ہم نے جامع مسجد میں چالان کاٹے اور بھیڑ کے خلاف کارروائی کی، ہر روز لوگوں کو سمجھایا جارہا ہے، کووڈ-19 کی گائیڈ لائن پر عمل کرنے کی اپیل کی جارہی ہے۔ مندر - مسجد میں لوگوں کو جمع ہونے سے منع کیا گیا ہے لیکن یہاں جامع مسجد میں 50 تا 60 افراد ایک ساتھ نماز ادا کررہے تھے، جن میں 18 نمازیوں پر کارروائی کرتے ہوئے چالان کاٹے گئے ہیں'۔