ریاست مدھیہ پردیش میں لاک ڈاؤن کو کس طرح سے کھولا جائے اس کو لے کر جمعہ کو آفیسرز کی کمیٹی وزیر اعلی شیوراج سنگھ چوہان کے سامنے اپنی رپورٹ پیش کرے گی۔
بتایا جارہا ہے کہ بیشتر افسران بیک وقت لاک ڈاؤن کھولنے کے حق میں نہیں ہیں۔ خاص کر ان جگہوں پر جہاں متاثرہ افراد ملے ہیں، وہاں تو لاک ڈاؤن کو کھولنے کے حق میں نہیں ہیں۔
وزیر اعظم نریندر مودی لاک ڈاؤن کے معاملے پر ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے ہفتے کے روز تمام وزرائے اعلیٰ سے تبادلہ خیال کریں گے۔
بتادیں کہ لاک ڈاؤن 14 اپریل تک مدھیہ پردیش سمیت پورے ملک میں نافذ ہے۔ 14 اپریل کے بعد وزیر اعلی شیوراج سنگھ چوہان نے لاک ڈاؤن کو کھولنے کے طریقوں سے متعلق افسران کی ایک کمیٹی تشکیل دی ہے۔
کمیٹی نے ریاست میں لاک ڈاؤن کی صورتحال کا جائزہ لیا ہے اور ایک رپورٹ تیار کی ہے۔
بتایا جارہا ہے کہ ریاست میں ہاٹ سپاٹ بن چکے اندور، بھوپال سمیت 18 اضلاع میں کمیٹی فوری طور پر لاک ڈاؤن کھولنے کے حق میں نہیں ہیں۔
واضح رہے کہ 'ملک بھر میں کورونا وائرس کے انفیکشن کو دیکھتے ہوئے 21 دن کا لاک ڈاؤن نافذ کیا گیا ہے جو 14 اپریل کو مکمل ہوگا۔'