سری نگر: منشیات کا کاروبار کرنے والوں کے خلاف اپنی مہم جاری رکھتے ہوئے کپواڑہ پولیس نے سوگام میں ناکہ چیکنگ کے دوران سرکاری ملازم سمیت دو منشیات فروشوں کو دھر دبوچ کر ان کے قبضے سے ہیروئن برآمد کی۔ پولیس کے ایک ترجمان نے بتایا کہ ڈی ایس پی خادم حسین کی ہدایت پر ایس ایچ او سوگام نے مصدقہ اطلاع ملنے کے بعد واورہ کراسنگ کے نزدیک ناکہ لگایا جس دوران ایک گاڑی زیر نمبر JK01X 6548کو روک کر اس میں سوار دو افراد جن کی شناخت محکمہ تعلیم میں تعینات جونیئر اسسٹنٹ میر باضل ولد منظور احمد ساکن کرہامہ لولاب اور اسحاق خان عرف ڈی خان ولد محمد عبداللہ خان ساکن میدان پورہ لولاب کے بطور ہوئی ہے کو حراست میں لیا۔ انہوں نے بتایا کہ گاڑی کی تلاشی کے دوران 109گرام ہیروئن جیسی ممنوع نشیلی اشیاءاور چرس کو برآمد کیا گیا۔
پولیس نے معاملے کی نسبت ایف آئی آر زیر نمبر 28کے تحت کیس درج کرکے مزید تحقیقات شروع کی ۔پولیس کا کہنا ہے کہ منشیات فروشوں کی گرفتاری سے لولاب میں اس کاروبار سے جڑے افراد کو بہت بڑا دھچکا لگا ہے۔دریں اثنا پولیس نے عوام الناس سے اپیل کی ہے کہ وہ منشیات فروشوں کے بارے میں پولیس کو آگاہ کریں۔پولیس کا کہنا ہے کہ منشیات فروشی سماج کے لئے ناسور بن چکی ہے لہذا اس کا قلع قمع کرنے کی خاطر لوگوں کو پولیس کے ساتھ اپنا بھر پور تعاون فراہم کرنا چاہئے۔
یہ بھی پڑھیں: Drug Peddler Arrested اننت ناگ میں منشیات فروش ممنوعہ اشیاء کے ساتھ گرفتار
یو این آئی