کپوارہ: شمالی کشمیر میں کپوارہ ضلع کے کرالپورہ علاقے میں ایک ہی کنبے کے پانچ افراد کی منگل اور بدھ کی درمیانی شب مبینہ طور دم گھٹنے سے موت واقع ہو گئی۔ موصولہ اطلاعات کے مطابق ریاست اترپردیش کے بجنور ضلع کے رہائشی ماجد انصاری کا کنبہ شمالی کشمیر کے کرالپورہ، کپوارہ ضلع میں میں کرائے کے ایک مکان میں رہایش پذیر تھا اور اسے مع اپنے اہل و عیال کے بدھ کی صبح بے ہوش پایا گیا۔ جب مقامی باشندوں نے مقامی ڈاکٹر سے مدد طلب کی تو معالج نے سبھی افراد خانہ کو مردہ قرار دے دیا۔
مزید پڑھیں: Non Local Killed in Awantipora Accident: اونتی پورہ سڑک حادثے میں بجنور کا شہری ہلاک
مرنے والوں میں ماجد انصاری (35) ولد احمد حسین، ان کی اہلیہ سوہانہ خاتون (30)، ان کے بچے فیضان انصاری (4)، ابو زر (3) اور چند دن کا شیر خوار شامل ہیں۔ بی ایم او کرالپورہ نے یو پی سے تعلق رکھنے والے ایک ہی کنبے کے پانچ افراد کی موت کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ ’’یہ دم گھٹنے کا ممکنہ معاملہ ہو سکتا ہے۔‘‘ تاہم انہوں نے مزید کہا کہا کہ ’’لاشیں محکمہ صحت کے مرکز پہنچنے اور طبی معائنہ کرنے کے بعد ہی اصل صورتحال اور موت کی اصل وجہ معلوم ہو سکے گی۔ بی ایم او کے مطابق ’’ہم نے لاشوں کو لے جانے کے لیے دو ایمبولینس بھیجی ہیں، معائنہ کے بعد اصل تفصیلات معلوم ہوں گی اور انہیں شیئر کیا جائے گا۔‘‘
قابل ذکر ہے کہ اس سے قبل بھی کشمیر کے متعدد علاقوں میں سردیوں کے دوران دم گھٹنے، کمرے میں ہیٹر وغیرہ سے خارج ہونے والی گیس جمع ہونے کے سبب کئی افراد، جن میں غیر مقامی باشندے بھی شامل ہیں، کی موت واقع ہو چکی ہے۔ فائر اینڈ ایمرجنسی عملہ سمیت محکمہ صحت کی جانب سے وقتاً فوقتاً منعقد کیے جانے والے بیداری پروگرام کے دوران عوام سے سخت سردیوں کے دوران ہیٹر وغیرہ رات بھر چالو نہ رکھنے اور وینٹی لیشن کا خیال رکھنے کی تلقین کی جاتی ہے۔
ماہرین کا ماننا ہے کہ سردیوں کے دوران دروازے کھڑکیاں پوری طرح بند رکھنے اور گرمی کے آلات کا استعمال کرنے کے سبب بند کمروں میں جان لیوا گیس جمع ہوتی ہے جس سے اس طرح کے واقعات رونما ہوتے ہیں۔