جنوبی کشمیر کے ضلع کولگام میں آج غیر ریاستی مزدورں کی واپسی کو یقینی بنایا گیا۔ اس سلسلے میں آج ضلع انتظامیہ کی جانب سے سو افراد پر مشتمل ایک گروپ کو گھر روانہ کیا گیا ہے۔
ملک کی مختلف ریاستوں سے محنت و مزدوری کے لیے لوگ جموں و کشمیر کا رخ کرتے ہیں، لاک ڈاؤن کے دوران ملک کی دیگر ریاستوں کی طرح جموں و کشمیر میں بھی بیرون ریاست کے لوگ پھنس گئے تھے۔
لاک ڈاؤن کے دوران ان سبھی افراد کے پاس کام نہیں تھا اور نہ ہی کوئی آمدنی کا ذریعہ اس لیے یہ سبھی پریشان حال افراد اپنے گھروں کو لوٹنا چاہتے تھے، جس کے بعد انتظامیہ کی جانب سے انہیں قرنطینہ میں رکھا گیا اور آج انہیں واپس گھروں کی جانب روانہ کیا گیا۔
آج جن 100 افراد کو ان کے آبائی وطن پھیجا گیا ہے، ان کا تعلق بہار، گجرات، پنجاب اور اترپردیش سے تھا۔
ملک بھر میں اب لاک ڈاؤن میں نرمی کی جارہی ہے، لیکن کورونا وائرس کے کیسز کم نہیں ہو رہے ہیں، اس کے ساتھ ہی جموں و کشمیر میں بھی کووڈ-19 کے کیسز میں مسلسل اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔
جموں و کشمیر میں کووڈ-19 سے اب تک 4730 افراد متاثر پائے گئے ہیں جبکہ 53 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔