جموں و کشمیر پولیس نے ضلع کشتواڑ میں گزشتہ پندرہ برسوں سے مفرور ایک سابق عسکریت پسند کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ پولیس نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ کشتواڑ پولیس نے گزشتہ پندرہ برسوں سے مفرور ایک اور سابق عسکریت پسند کو گرفتار کیا ہے۔
گرفتار شدہ کی شناخت غلام حسن چوپان ولد لسہ چوپان ساکن پہلگام سدگی تحصیل کشتواڑ کے بطور ہوئی ہے جس کے خلاف پولیس اسٹیشن چھترو میں ایک کیس درج تھا۔
یہ بھی پڑھیں: کشتواڑ: سرکاری اسکیموں کی منظوری کے لیے عوام سے رشوت طلب کرنے کا الزام
بیان میں کہا گیا ہے کہ مذکورہ سابق عسکریت پسند کے بارے میں مصدقہ ذرائع سے اطلاع موصول ہوتے ہی انسپکٹر سندیپ سنگھ کی قیادت میں ایک ٹیم تشکیل دی گئی جس نے فوری کارروائیاں عمل میں لاکر کئی مشتبہ مقامات پر چھاپے مارے اور مفرور سابق عسکریت پسند کو حراست میں لے لیا۔
واضح رہے کہ قبل ازیں 6 جولائی کو بھی کشتواڑ پولیس نے گزشتہ 13 برسوں سے مفرور ایک سابق عسکریت پسند کو شالیمار کشتواڑ سے گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا تھا۔
یو این آئی