سماج میں آج بھی ایسے لوگ موجود ہیں۔ جو انسانی ہمدردی و خدمت کا جذبہ رکھتے ہیں۔ ریاست کرناٹک کے گلبرگہ شہر کے کرائم برانچ کی سب انسپکٹر یشودھا علاقے میں اپنے خدمات انجام دیتے ہوئے بھی سماجی خدمات کرنے میں ہمیشہ آگے رہتی ہیں۔
گلبرگہ میں لاک ڈاون سے پریشان مزدور و غریب عوام کو کھانا تقسیم کرنے کا کام یشودھا خود کر رہی ہیں۔وہ اپنی ذاتی خرچ سے روزانہ چار سو افراد کے لیے اپنے گھر سے بنا کر لاتی ہیں اور یہاں تقسیم کرتی ہیں۔
اس موقع پر سب انسپکٹر شرمتی یشودھا نے ای ٹی وی بھارت کو بتاتے ہوئے کہا کہ انہیں بھوکوں کو کھانا کھلانے اور غریبوں کی مدد کرنے کی سیکھ اپنی بزرگوں سے ملی ہے۔اس لیے اپنی پولیس کی نوکری کے ساتھ ساتھ وہ سماجی خدمت انجام دینے میں ہمیشہ آگے رہتی ہیں۔
انہوں نے گزشتہ برس بھی کورونا وائرس کی وجہ سے نافذ کردہ لاک ڈاؤن کے دوران اپنی ذاتی خرچ سے غریب اور مزدور عوام کو کھانا فراہم کرنے کا کام کیا تھا۔اس بار بھی وہ اپنی ذاتی خرچ سے دس ہزار روپئے نکال کر روزانہ ایک وقت کا کھانا غریب اور مزدور عوام میں تقسیم کر رہی ہیں۔اس کام میں ان کے اہل خانہ بھی ان کا بھر پور ساتھ دے رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ کرناٹک میں کل 50 سے زائد پولیس اہلکار کی موت کورونا وائرس سے ہوئی ہے۔ پولیس عوام کے لئے دن رات باہر رہ کر خدمات انجام دے رہی ہے۔ عوام کو بھی پولیس کا تعاون کرنے کی ضرورت ہے۔ آج کل پولیس کو بلا وجہ بدنام کیا جاتا ہے۔ پولیس عوام کو گھر میں گھس کر نہیں مارتی ہے۔ جو لوگ غیر ضروری باہر نکلتے ہیں، انہی کے خلاف پولیس کو سخت رویہ اختیار کرنا پڑتا ہے۔
انہوں نے عوام سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ پولیس بھی آخر انسان ہیں ان کے بھی بیوی بچے ہیں۔ عوام کو چاہیے کہ وہ پولیس کا تعاون کریں، لاک ڈاون کے دوران اپنے گھروں میں رہیں اور کورونا گائیڈ لائن پر عمل کریں۔