ریاست کرناٹک کے بنگلور میں فیلکن گروپ آف انسٹی ٹیوشنز اور انسٹی ٹیوٹ آف آبجیکٹیو اسٹڈیز نے 26 اور 27 جون کو دو روزہ آن لائن 'انڈین مسلم لیڈر شپ کانفرنس' کے انعقاد کا اعلان کیا ہے۔
اس سلسلے میں ادارہ فیلکن کے ڈائریکٹر عبد السبحان نے بتایا کہ مختلف میدانوں میں مسلمانوں میں قیادت کے فقدان کو پُر کرنے کے لئے یہ کانفرنس ایک اہم اقدام ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ ملک ہند میں خاص طور پر امت مسلمہ معاشرتی، تعلیمی اور سیاسی نمائندگی وغیرہ میں پسماندگی کا شکار ہے۔ اس کو دور کرنے اور ملت اسلامیہ کو ہر لحاظ سے سربلند کرنے کے لئے ہی اس کانفرنس کو عمل میں لایا جا رہا ہے۔
کانفرنس میں بات کرتے ہوئے آئی او ایس کرناٹک کے والنٹیرز سید مظہر قادری اور محمد ابراہیم نے کہا کہ ملت کے نوجوانوں کو ہر اعتبار سے بیدار کرنا، ان میں لیڈرشپ کی صلاحیتوں کو ابھارنا، اس کانفرنس کا مقصد ہے.
انہوں نے بتایا کہ اس 2 روزہ انڈین مسلم لیڈر شپ کانفرنس میں ملک کی کئی اہم شخصیات دور حاضر کے متعدد مسائل اور عصری امور پر تبادلہ خیال کریں گے اور نوجوانوں کی رہنمائی کریں گے۔
یہ بھی پڑھیں: Population Control Law: اترپردیش میں 'پاپولیشن کنٹرول' قانون لانے کی تیاری
سید مظہر نے بتایا کہ ملک بھر سے متعلقہ شعبہ جات کے نامور رہنما، سول سرونٹز، ڈاکٹرز، انجینئرز، سیاستدان، تاجر، سماجی کارکنان، عوامی اثر و رسوخ کی حامل شخصیات متعدد مسائل اور عصری امور پر تبادلہ خیال کریں گے، اپنے خیالات اور رہنمائی پیش کریں گے، جس سے نوجوانوں کی حوصلہ افزائی ہوگی۔