بنگلورو: حیدرآباد میں کانگریس ورکنک کمیٹی کے اجلاس کے دوران کانگریس ہائی کمان پارٹی کی کرناٹک یونٹ کے اندر پیدا ہونے والے اختلافات کو دور کرنے کا امکان ہے۔ کانگریس ایم ایل سی بی، کے ہری پرساد بھی حیدرآباد کے لئے روانہ ہوگئے ہیں۔ کے ہری پرساد پر وزیراعلی سدارامیا پر سخت حملہ کرنے اور کرناٹک میں دلت وزیراعلیٰ پر بحث چھیڑنے پر وجہ بتاؤ نوٹس جاری کیا گیا تھا۔
کانگریس ورکنگ کمیٹی کے اجلاس میں بنیادی طور پر پانچ ریاستوں میں ہونے والے اسمبلی انتخابات کے لیے حکمت عملی پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ تاہم پارٹی کرناٹک میں اپنی پوزیشن مضبوط کرنے کی خواہشمند ہے، جہاں وہ بی جے پی کو شکست دینے میں کامیاب ہوکر اقتدار میں واپس آئی ہے۔
ذرائع نے وضاحت کی کہ ہری پرساد وزیراعلی سدارامیا کے خلاف اپنے ریمارکس پر پارٹی کے اعلیٰ رہنماؤں کو وضاحت پیش کریں گے۔ ذرائع نے وضاحت کی کہ ہائی کمان سدارامیا اور ہری پرساد کے درمیان اختلافات کو ختم کرنے کے لئے بات چیت کرے گی۔ ذرائع کے مطابق، ہری پرساد کی کابینہ وزیر بننے کی خواہش کو وزیراعلی سدارامیا نے روک دیا تھا۔
کانگریس پارٹی کے صدر ملکارجن کھرگے، کانگریس ارکان پارلیمنٹ سونیا گاندھی اور راہل گاندھی مشترکہ طور پر میٹنگ کی صدارت کر رہے ہیں۔ کانگریس ورکنگ کمیٹی کے مستقل ارکان ہری پرساد اور سابق مرکزی وزیر ایم ویرپا موئیلی موجود افراد میں شامل ہوں گے۔
وزیراعلی سدارامیا کو بھی کانگریس ورکنگ کمیٹی کے اجلاس میں شرکت کی دعوت دی گئی ہے کیونکہ پارٹی ہائی کمان نے کانگریس کی حکومت والی ریاستوں کے چار وزرائے اعلیٰ کو مدعو کیا ہے۔ کرناٹک کے نائب وزیراعلی اور کرناٹک کانگریس کے صدر ڈی کے شیوکمار پہلے ہی حیدرآباد روانہ ہو چکے تھے۔
مزید پڑھیں: حیدرآباد میں آج کانگریس ورکنگ کمیٹی کا دو روزہ اجلاس
واضح رہے کہ ہری پرساد اس کے بعد سے تقاریب منعقد کر رہے ہیں اور سدارامیا کی قیادت پر سوال اٹھاتے ہوئے بیانات جاری کر رہے ہیں جس سے کانگریس حکومت کو سخت شرمندگی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔