جموں و کشمیر کے لیفٹینینٹ گورنر منوج سنہا نے آج وِیڈیو پیغام کے ذریعے عوام سے خطاب کیا، جس میں اُنہوں نے کووِڈ کے خلاف جنگ میں حکومت کی کوششوں کی تکمیل کے لیے مکمل تعاون کرنے کی خواہش کی ہے۔
پیغام میں لیفٹیننٹ گورنر نے منتخب پی آر آئی کے نمائندوں، اساتذہ، آشا ورکرز، آنگن واڑی، اے این ایم ارکان اور رضاکار تنظیموں پر زور دیا کہ وہ دیہی علاقوں میں کووڈ سے بچاؤ کے اِقدامات کو مؤثر انداز میں نبھانے کے لیے فعال کردار ادا کریں۔
لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ جموں وکشمیر کے دیہی علاقوں میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے پیش نظر اِنتظامیہ نے لوگوں کو فوری طور پر طبی امداد فراہم کرنے کے لیے ہر پنچایت میں ایک آکسیجن بیڈ سمیت پانچ بستروں پر مشتمل کووِڈ سینٹر قائم کرنے کا آغاز کیا ہے۔
اُنہوں نے کہا کہ میں تمام ڈی ڈی سی اور بی ڈی سی چیئرپرسن ممبران ، سرپنچ اور پنچ سے درخواست کرتا ہوں کہ وہ پنچایتوں کی نچلی سطح پر کووِڈ کیئر سہولیات کے قیام اور کاروائی میں اپنی مدد اور شراکت کے علاوہ لوگوں میں بیداری بھی پیدا کریں۔
لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ ہم دیہی علاقوں میں کام کرنے والے تمام منتخب پنچایت نمائندوں ، اَساتذہ ، اے ایس ایچ اے، آنگن واڑی ، اے این ایم ارکان ،وِلیج ہیلتھ کمیٹیوں اور رضاکارانہ تنظیموں کی فعال شرکت سے اس عالمی وَبائی بیماری پر مؤثر طریقے سے قابو پاسکتے ہیں۔
اُنہوں نے کہا کہ کووِڈ کیئر مراکز صحت کی ضروری سہولیات سے آراستہ ہوں گے ۔ہر ایک سینٹرکے پاس مریضوں کی دیکھ ریکھ کے لئے ایک آکسیجن معاون بیڈ ، پی ایچ سی اور سی ایچ سی سے رابطہ ، اَدویات کی دستیابی اور ڈاکٹر کی مستقل مشاورت دستیاب ہوتی ہے۔ لوگوں کے لئے ٹیلی میڈیسن سہولیات کو بھی آپریشنل کیاگیا ہے۔
لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ صورتحال بتدریج بہتر ہورہی ہے اور یوٹی میں حفاظتی ٹیکہ کاری مہم میں تیزی لائی جارہی ہے۔اَب تک اس میں کل آبادی کا 63فیصد ہدف حاصل ہو چکا ہے ۔اُنہوں نے کہا کہ جموں وکشمیر ویکسی نیشن کے معاملے میں ملک کے سب سے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والی یوٹیوں اور ریاستوں میں شامل ہیں۔
اُنہوں نے کہا کہ کووِڈ مثبت مریضوں یا ان لوگوں کو جو گھریلو علامات پیدا کر چکے ہیں گھبرانے کی ضرورت نہیں ہے۔ انہیں فوری طور پر کمیونٹی ہیلتھ ورکروں اور ڈاکٹروں سے رابطہ کرنا چاہیئے۔ وِلیج ہیلتھ کمیٹیوں کو ان مراکز میں طبی سہولیات ، مریضوں کی دیکھ ریکھ کے انتظام کی دستیابی کو یقینی بنانا ہوگا۔ اُنہوں نے کہا کہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لئے ایک مستحکم نظام کی منصوبہ بندی کی گئی ہے اور اس پر عمل درآمد کیا جارہا ہے۔
لیفٹیننٹ گورنر نے جموں وکشمیر کے عوام کی صحت اور خوشگوار زندگی کے لئے دعا کی اور عوام سے اپیل کی کہ وہ کووِڈ رہنما اصولوں اور ایس او پیز پر من و عن عمل پیرا رہیں اور کووِڈ حفاظتی ٹیکے لگائیں ۔
اُنہوں نے مزید کہا کہ ہم باہمی تعاون اورکوششوں سے صحت بحران پر قابو پالیں گے اور جموںوکشمیر یوٹی کو ترقی اور خوشحالی کی نئی بلندیوں پر لے جائیں گے۔