جموں و کشمیر میں شیعہ وقف بورڈ کو قائم کرنے کی غرض سے معروف شیعہ عالم دین مولانا کلب جواد نقوی جموں و کشمیر کے دورے پر ہیں۔ جہاں انہوں نے متعدد شیعہ انجمنوں کے وفود سے کشمیر اور جموں میں ملاقات کی۔
ای ٹی وی بھارت نے معروف شیعہ عالم دین مولانا کلب جواد نقوی سے اس ضمن میں خاص بات چیت کی اور شیعہ وقف بورڈ کی اہمیت کے بارے میں جاننے کی کوشش کی۔
مولانا کلب جواد نقوی کا کہنا ہے کہ اترپردیش اور بہار میں جس طرح سے شیعہ وقف بورڈ ہیں اسی طرح سے جموں و کشمیر میں بھی الگ شیعہ وقف بورڈ قائم کیا جائے، تاکہ شیعہ طبقے سے وابستہ افراد اپنے حقوق کی پاسداری کرسکیں۔
انہوں نے کہا کہ مسلم وقف بورڈ میں محض ایک شیعہ ممبر ہوتا ہے جس کو ہمیشہ سنی طبقہ سے وابستہ ممبران کے تحت چلنا پڑتا ہے۔
انہوں نے جموں و کشمیر کے سیاسی رہنماؤں کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ جموں و کشمیر کی سرکار نے شیعہ وقف بورڈ کو قائم آج تک نہیں کیا جبکہ اب جموں و کشمیر مرکز کے زیرانتظام علاقہ ہے تو اب مرکزی سرکار کو شیعہ وقف بورڈ بنانا چاہیے۔