جموں و کشمیر کانگریس ونگ کے ترجمان رویندر شرما نے کہا کہ 'کل وزیراعظم نے کہا کہ کسی نے ہماری زمین سے ایک اینچ بھی نہیں لی ہے اگر ایسا ہے تو 20 فوجی جوانوں کو کس طرح ہلاک کیا گیا'۔ انہوں نے سوالیہ انداز میں سرکار کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ 'جب کانگریس نے سرکار سے سوال پوچھا کہ چین نے ہمارے کتنے فوجی جوانوں کو حراست میں لیا ہے تو اسے سرکار نے جھوٹ سے تعبیر کیا، تاہم چند روز قبل 10 فوجی جوانوں کو رہا کرنے کی خبر آئی'۔
عام آدمی پارٹی نے کہا کہ 'ملک کی تاریخ میں پہلی بار ایسا ہوا ہے کہ فوجی جوانوں کو بنا ہتھیار سرحد پر بھیجا گیا اور وہ بھی چین جیسے ملک کی فوج کے سامنے۔ چینی فوج کی تاریخ رہی ہے کہ اس نے ہمیشہ ملک پر دھوکے سے وار کیا ہے، لیکن وزیراعظم نریندر مودی کا 56 انچ کا سینہ اب گھٹ گیا ہے۔ ابھی اگر 56 انچ کا سینہ کسی کا ہے تو وہ ان فوجی جوانوں کا ہے جنہوں نے ملک کے لیے قربانیاں دیں۔
نیشنل کانفرنس نے وزیراعظم نریندر مودی کے بیان پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ 'اگر چین نے ہندوستان کی سرزمین پر آکر قبضہ کرنے کی کوشش نہیں کی تو پھر 20 فوجی جوانوں کی ہلاکت کا ذمہ دار کون ہے اور کس طرح 20 جوانوں کو ہلاک کیا گیا'۔
عام آدمی پارٹی کے سینیئر رہنما وکرم ملہوترا نے کہا کہ 'وزیر اعظم نے جو بات کی وہ اپنی جگہ ہے لیکن 20 جوانوں کی ہلاکت ہوئی ہے اور یہ سچ ہے۔ سرکار کو چاہیے کہ وہ عام لوگوں کو یہ معلومات فراہم کرائے کہ آخرکار کیوں 20 فوجی جوان ہلاک ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ فوج کو پورے ملک کا ساتھ ہے، پورا ملک ہلاک ہوئے جوانوں کے اہلخانہ کے ساتھ ہے اور اس واقعے سے پورا ملک غم زدہ ہوا ہے۔