جموں: جموں وکشمیر کی سرمائی دارالحکومت جموں کے کچی چھاونی علاقے میں اتوار دیر رات شیو سینا (ہندوستان) نامی تنظیم کے صدر راجیش کیسری کے رہائشی مکان کے باہر پُراسرار دھماکہ ہوا جس کے بعد پولیس ٹیم جائے موقع پر پہنچی اور کیس درج کرکے تحقیقات شروع کی ۔
اطلاعات کے مطابق شیو سینا ہندوستان کے ریاستی صدر راجیش کیسری ساکن کچی چھاونی جموں کے رہائشی مکان کے باہر اتوار کی رات کو ایک زوردار دھماکہ ہوا جس وجہ سے لوگ گھروں میں سہم کر رہ گئے۔
راجیش نے نامہ نگاروں سے بات چیت کے دوران بتایا کہ اتوار دیر شام وہ غسل خانے میں تھا کہ اسی دوران باہر زوردار دھماکہ ہوا۔انہوں نے بتایا کہ پولیس کو اس بارے میں مطلع کیا گیا چنانچہ بم ڈسپوزل اسکارڈ اور پولیس ٹیم فوری طورپر جائے موقع پر پہنچی اور تحقیقات شروع کی۔
مزید پڑھیں:
- Jammu Narwal Blast جموں کے نروال میں پر اسرار دھماکہ
- Mysterious Blast in Kishtwar کشتواڑ میں پراسرار دھماکہ، ایک شخص ہلاک
ان کا مزید کہنا تھا کہ رات بھر پولیس ٹیم رہائشی مکان کے باہر ہی تعینات رہی۔انہوں نے بتایا کہ یہ ان ہی لوگوں کا کام ہے جو دہشت گردی کے ذریعے لوگوں کو ڈرا رہے ہیں۔ شیو سینا کے یہ لیڈر اگرچہ عوام میں کوئی مقبولیت نہین رکھتے تاہم اہم معاملات پر آئے روز احتجاج کرنے کی وجہ سے انہیں سوشل میڈیا پر دیکھا جاتا ہے۔ شیوسینا نے ابھی تک جموں و کشمیر کے کسی بھی علاقے سے انتخابات میں کوئی قابل قدر کارکردگی نہیں دکھائی ہے۔
ادھر پولیس سربراہ دلباغ سنگھ نے جموں میں ایک تقریب کے دوران کہا کہ اس طرح کا ایک واقعہ ہوا ہے اور اس میں ذمہ داری ٹھوکنے کیلئے ابھی ٹی آر ایف (دی ریزسٹنس فرنٹ) سامنے آیا حالانکہ اس کیس کو ابھی دیکھ رہے ہیں اور تفتیش کررہے ہیں۔ انہوں نے پراسرار عسکریت پسند تنظیم کے بارے میں طنزیہ طور کہا کہ یہ چور تاک میں رہتے ہیں کہ چوری میں نے کی ہے، میرا نام لے لو اس میں۔
دریں اثنا جموں کے ایس ایس پی نے ایک بیان میں کہا کہ ایک واقعہ سامنے آیا ہے جس میں کچی چھاؤنی علاقے میں دھماکے جیسی آواز سنی گئی ہے۔ انہوں نے بیان مین کہا کہ پولیس ، فارنسکس اور ماہرین نے جگہ کا معائنہ کیا ہے۔ پولیس سربراہ اور ایس ایس پی کے بیانات سے یہ معاملہ پراسرار بن گیا ہے۔
(یو این آئی کے ساتھ)