جموں و کشمیر میں بجلی کے شعبے کو مستحکم کرنے کے لئے ایک اہم قدم بڑھاتے ہوئے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے آج جموں ڈویژن میں 367 ایم وی اے کی مجموعی صلاحیت کو فروغ دیتے ہوئے 44.14 کروڑ روپے کے 35 بجلی پروجیکٹوں کا افتتاح کیا۔
اِس موقع پر لیفٹیننٹ گورنر نے پاور ڈیولپمنٹ ڈیپارٹمنٹ کی متعدد ای سروسز کا بھی آغاز کیا۔ جن میں آن لائن موڈ کے ذریعے بجلی کے نئے کنیکشن کے لیے درخواست جمع کروانے کی نئی شق بھی شامل ہے۔
مزید یہ کہ لوگ آن لائن بل کی ادائیگی، آن لائن شکایت کے ازالے، آن لائین سکیورٹی ڈپازٹ حساب کتاب کے علاوہ آن لائن کسٹمر پورٹل کو اپنی سہولت کے لئے استعمال کر سکتے ہیں۔
پروجیکٹوں پر عمل درآمد میں تاخیر کے ماضی کے طریقوں کو ختم کرنے کے یو ٹی حکومت کے مشن کا اعادہ کرتے ہوئے لفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ موجودہ انتظامیہ جوابدہ گورننس کے اصول پر کام کر رہی ہے۔ حکومت ترقیاتی پروجیکٹوں کی بروقت تکمیل کو یقینی بنانے کے لئے پُر عزم ہے۔
یہ بھی پڑھیں: پانی کے راستے سفر کو آسان بنانے کی کوشش
لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ ہم تاخیر کی میراث کو ختم کر رہے ہیں اور طویل عرصے سے التوا میں پڑے پروجیکٹوں کو ریکارڈ وقت میں مکمل کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا ’میں جموں و کشمیر کے تمام شہریوں کو یقین دلانا چاہتا ہوں کہ انتظامیہ آپ کی ضروریات کے لیے مستقل طور پر کام کر رہی ہے اور ملک کے دوسرے حصوں کی طرح 22-20 گھنٹے تک جاری رہنے والی بجلی کو یقینی بنانے کے لئے زمین پر ایک طویل المیعاد حکمت عملی نافذ کی جا رہی ہے۔