جموں:جموں کشمیر کے ارنیا علاقے میں پاکستان کی فائرنگ کے بعد بارڈر سکیورٹی فورس اور پاک رینجرز کے درمیان فلیگ میٹنگ ہوئی۔ اس ملاقات کے دوران بی ایس ایف نے سرحد پر فائرنگ کے حوالے سے پاک رینجرز کے خلاف شدید احتجاج درج کرایا ہے۔ بی ایس ایف ترجمان نے بتایا کہ پاکستانی رینجرس نے سیز فائر معاہدے پر من وعن عمل کرنے کی یقین دہانی کرائی۔
اطلاعات کے مطابق ارینا سیکٹر میں گزشتہ روز پاکستانی رینجرس کی بلا اشتعال فائرنگ کے بعد ہفتے کے روز سچیت گڑھ سیکٹر میں فلیگ میٹنگ منعقد ہوئی۔معلوم ہوا ہے کہ اس میٹنگ کے دوران بی ایس ایف نے بغیر کسی اشتعال کے گولہ باری کرنے پر پاکستانی رینجرس کے سامنے اپنا احتجاج درج کیا۔ذرائع کے مطابق سچیت گڑھ جموں میں پاک بھارت افواج کے درمیان فلیگ میٹنگ کے دوران دونوں ممالک کے افواج نے سرحدوں پر امن قائم کرنے پر اتفاق کیا ہے۔
بارڈر سیکورٹی فورسز ترجمان کے مطابق میٹنگ کے دوران پاکستانی رینجرس کو متنبہ کرتے ہوئے کہا گیا کہ اگر پھر سے گولہ باری کی گئی تو اس کا سخت جواب دیا جائے گا۔ ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستانی رینجرس نے سیز فائر معاہدے پر من وعن عمل کرنے کا یقین دلایا ہے۔
مزید پڑھیں: |
بتادیں کہ 26اور 27اکتوبر کی درمیانی شب پاکستانی رینجرس نے ارینا سیکٹر میں بی ایس ایف کی چوکیوں کو نشانہ بنانے کے ساتھ ساتھ رہائشی علاقے پر بھی گولہ باری کی جس کے نتیجے میں دو عام شہری اور ایک بی ایس ایف جوان زخمی ہوا ۔ گولہ باری کے بعد سرحدی علاقوں میں رہائش پذیر لوگ محفوظ مقامات کی اور منتقل ہونے پر مجبور ہوئے ۔