جموں: ضلع ترقیاتی کونسل کے انتخابات کے نتائج سامنے آنے کے بعد اب جموں و کشمیر کے چار اضلاع میں 6 فروری کو ڈی ڈی سی چیئرپرسن و نائب چیئرپرسن کے انتخابات ہونے ہیں، تاہم پہلے مرحلے کے تحت جن اضلاع میں ڈی ڈی سی چیئرپرسن کا انتخاب ہونا ہے ان میں جموں، کٹھوعہ، شوپیاں اور کولگام شامل ہیں۔
اس ضمن میں ای ٹی وی بھارت نے نیشنل کانفرنس کی سینیئر رہنما و سابق وزیر سکینہ ایتو سے ردعمل جاننے کی کوشش کی تو انہوں نے کہا کہ جس طرح سے عوام نے ڈی ڈی سی انتخابات میں شمولیت اختیار کی یہ ایک خوش آئند قدم ہے۔ مزید عوام نے گپکار اتحاد کے امیدواروں پر اعتماد کرتے ہوئے انہیں بھاری اکثریت کے ساتھ کامیاب بنایا وہ خوش کن بات ہے۔'
- مزید پڑھیں: جموں وکشمیر سی آئی ڈی کشمیریوں کو ہراساں کرنے کا کام کرتی ہے: محبوبہ مفتی
- 'جموں و کشمیر کا ریاستی درجہ بحال کرکے اسمبلی انتخابات منعقد کرائے جائیں'
انہوں نے کہا کہ 'نیشنل کانفرس ڈی ڈی سی چیئر پرسن اور نائب چیئر پرسن بنانے کے بارے میں کل حتمی فیصلہ لے گی۔'
اس موقعے پر انہوں نے بھارتیہ جنتا پارٹی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ 'جموں و کشمیر میں بی جے پی کی ناقص پالیسی سے عوام پریشان ہے۔'
واضح رہے کہ جموں خطے کے دو جبکہ کشمیر کے دو اضلاع میں 6 فروری کو ڈی ڈی سی کونسلروں کا ایک اجلاس منعقد کیا جائے گا اور اس کے بعد ان اضلاع میں چیئرپرسن کا انتخاب عمل میں لایا جائے گا۔
اس سلسلے میں ان چار اضلاع کے ضلع ترقیاتی کمشنرز کی جانب سے ایک نوٹیفیکیشن جاری کردی گئی ہے تاکہ 6 فروری کو ڈی ڈی سی کے چیئرپرسن اور وائس چیئرپرسن کے لیے انتخابات عمل میں لائے جاسکے جبکہ دیگر اضلاع میں اس طرح کے انتخابات 10 اور 20 فروری تک منعقد کرانے کی تیاری کی جارہی ہے۔