جموں (جموں و کشمیر): ڈیموکریٹک پراگریسو آزاد پارٹی (ڈی پی اے پی) کے چیئرمین غلام نبی آزاد نے جمعرات کو جموں میں رکنیت سازی مہم کا آغاز کیا جس میں درجنوں سیاسی رہنماؤں اور کارکنان نے شرکت کی۔ آزاد نے ممبر شپ ڈرائیو فارم کا رسمی طور افتتاح کیا اور کاغذات کارکنان کے سپرد کیے اور سبھی پارٹی لیڈران و کارکنان کو ہدایت کی کہ وہ اس مہم کو کامیاب بنا کر زیادہ سے زیادہ افراد کو پارٹی کے ساتھ جوڑیں۔
اس موقعے پر منعقدہ ایک مختصر تقریب کے دوران آزاد نے جموں و کشمیر کے لیے اپنے وژن کو بیان کیا اور بتایا کہ وہ کس طرح وزیر اعلیٰ کے طور پر اپنے دور اقتدار کے تین سال کے اندر حکومت کے دوران عوام کے کام کرنے میں کامیاب ہوئے۔ غلام نبی آزاد نے مزید کہا کہ ’’موجودہ حکومت نے پچھلے برسوں کے دوران جو بھی کام کئے وہ عوام دشمن فیصلے ثابت ہوئے صرف منتخب حکومت اقتدار میں آنے کے بعد عوامی مسائل حل کرسکتی ہیں۔‘‘
آزاد نے دعویٰ کیا کہ ’’جموں و کشمیر میں ڈیموکریٹک پراگریسیو آزاد پارٹی ایک مضبوط سیاسی جماعت کے طور پر ابھر کر سامنے آئی ہے۔‘‘ انہوں نے مزید کہا کہ جموں و کشمیر کے لیے ان کا وژن صرف ایک صوبے یا ضلع تک محدود نہیں بلکہ پوری سابق ریاست کے لیے ان کا وژن عیاں ہے جیسا کہ انہوں نے بطور وزیر اعلیٰ ثابت کیا ہے۔
مزید پڑھیں: DPAP Rally in Ramban: رام بن میں آزاد پارٹی کی ریلی کا انعقاد
واضح رہے کہ ڈیموکریٹک پراگریسو آزاد پارٹی سمیت دیگر چھوٹی بڑی سیاسی تنظیموں کی جانب سے بھی ممبرشپ ڈرائیو، ریلیز اور پارٹی کنونشنز کا انعقاد عمل میں لاکر زیادہ سے زیادہ لوگوں کو پارٹی کی رکنیت اختیار کرنے اور اسمبلی انتخابات کے لیے تیار رہنے کی اپیل کر رہی ہیں۔ مین اسٹریم سیاسی جماعتوں کی جانب سے مرکزی سرکار، ای سی آئی پر جموں و کشمیر میں جلد اسمبلی انتخابات منعقد کرایے جانے کے حوالہ سے بدستور دباؤ بنایا جا رہا ہے تاہم بھارتیہ جنتا پارٹی کی زیر قیادت مرکزی سرکار، ای سی آئی کی جانب سے جموں و کشمیر میں اسمبلی انتخابات کے حوالہ سے کوئی بھی واضح اعلان نہیں کیا جا رہا ہے۔