وادی کشمیر میں پیر کو چھ دن بعد موسم میں بہتری واقع ہوئی ہے۔ محکمہ موسمیات نے آئندہ 48 گھنٹوں تک یعنی بدھ تک خشک موسم کی پیش گوئی کی ہے۔
ادھر محکمہ موسمیات نے وادی کشمیر میں 3 مارچ سے موسم ایک بار پھر خراب ہونے کی پیش گوئی ہے۔
متعلقہ محکمے کے ایک ترجمان نے بتایا کہ 3 مارچ سے موسم ایک بار پھر کروٹ بدل سکتا ہے جس کے باعث بارشیں ہوسکتی ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ جموں و کشمیر اور لداخ میں اگلے 48 گھنٹوں کے دوران موسم خشک رہنے کا امکان ہے اور اس عرصے کے دوران درجہ حرارت میں بہتری آنے کا امکان ہے۔
گرمائی دارلحکومت سرینگر میں پیر کی رات کم سے کم درجہ حرارت 1.4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا کم سے کم درجہ حرارت 2.1ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔
قابل ذکر ہے کہ سرینگر میں جہاں ماہ جنوری میں سردیوں کا پچیس سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا جب 31 جنوری کو کم سے کم درجہ حرارت منفی 8.8 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا وہیں ماہ فروری میں گرمیوں کا 57 سالہ ریکارڈ پاش پاش ہوگیا جب فروری کی ایک شب کم سے کم درجہ حرارت 8.0 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔
وادی کے مشہور زمانہ سیاحتی مقام گلمرگ جہاں ’کھیلو انڈیا‘ کھیلوں کا دوسرا ایڈیشن جاری و ساری ہے، میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 6.2 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا کم سے کم درجہ حرارت منفی 6.0 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔
وادی کے دوسرے مشہور سیاحتی مقام پہلگام میں کم سے کم درجہ حرارت 0.7 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا کم سے کم درجہ حرارت 0.6 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔
سرحدی ضلع کپوارہ میں کم سے کم درجہ حرارت 0.4ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا کم سے کم درجہ حرارت 0.1 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔ قاضی گنڈ میں کم سے کم درجہ حرارت 4.0 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ ککر ناگ میں کم سے کم درجہ حرارت 2.3 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
لداخ یونین ٹریٹری کے ضلع لیہہ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 9.2 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ ضلع کرگل میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 11.5 ڈگری سینٹی گریڈ اور قصبہ دراس میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 13.9 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا ہے۔
وادی کو ملک کے دوسرے حصوں کے ساتھ جوڑنے والی 270 کلو میٹر طویل سری نگر- جموں قومی شاہراہ پر اتوار کو دو روز بعد ٹریفک بحال ہوگیا۔
بتادیں کہ شاہراہ جمعے کے روز مرمتی کام جبکہ ہفتے کو مٹی کے تودے گر آںے کی وجہ سے مسلسل دو دن بند رہی۔