مرکز کے زیرانتظام ریاست جموں و کشمیر میں کورونا وائرس کے متاثرین میں مسلسل اضافے اور لاک ڈاون میں ڈھیل کی وجہ سے بازاروں میں عوام کا ہجوم اُمڈ آنے کے پیش نظر ضلع بڈگام میں دفعہ 144 نافذ کرنے کے احکامات جاری کیے گئے ہیں۔
وسطی کشمیر کے ضلع بڈگام میں آج شام دیر گئے ضلع مجسٹریٹ شہباز احمد مرزا نے ایک حکم نامہ جاری کیا، جس میں ضلع میں دفعہ 144 نافذ کرنے کے احکامات صادر کیے گئے ہیں۔
واضح رہے کہ دفعہ 144 کا نفاذ ضلع میں 27 اگست سے 31 اگست تک رہے گا۔
اس حکم نامے کے تحت ضلع میں تمام دکانیں، کاروباری ادارے اور عوامی ٹرانسپورٹ مکمل طور پر بند رہیں گے، وہیں دفعہ 144 کو سختی سے عمل میں لانے کے لیے سینیئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس بڈگام و سرینگر، ایس ڈی ایم، تحصیلدار، نائب تحصیلدار، ایس ڈی پی اوز اور ایس ایچ اوز کو اختیارات دیے گئے ہیں۔
خیال رہے کہ ضلع میں لاک ڈاون میں ڈھیل کے بعد سے اب تک پازٹیو کیسز کی تعداد میں کافی اضافہ ہوا ہے اور وہیں اموات میں بھی اضافہ دیکھنے کو مل رہا ہے جو کہ بعثِ تشویش ہے۔
ان حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے ضلع انتظامیہ نے یہ سخت قدم اٹھائے ہیں تاکہ ضلع میں کوڈ۔19 کے انفیکشن کو مزید پھیلنے سے روکا جاسکے۔