گاندربل: مرکز کے زیر انتظام یوٹی جموں و کشمیر میں خشک سالی کے بیچ آگ کی وارداتیں رونما ہونے کا سلسلہ مسلسل جاری ہے۔ پچھلے چوبیس گھنٹوں کے دوران شمالی، جنوبی اور وسطی کشمیر میں آتشزدگی کے 23 واقعات میں 15 مکان، سات دکانیں اور کئی گاؤ خانوں کو نقصان پہنچا۔ ذرائع کے مطابق ضلع گاندربل کے مضافاتی علاقہ گنڈ میں آتشزدگی کے ایک واقعے میں دو منزلہ عمارت جل کر راکھ ہوگئی۔ اس میں موجود لاکھوں روپے کی املاک راکھ کے ڈھیر میں تبدیل ہوکر رہ گئیں۔
اس معاملے پر مقامی لوگوں نے بتایا کہ محراج الدین شیخ ولد علی محمد کے رہائشی مکان سے اچانک آگ نمودار ہوئی جس نے بہت تیزی سے پوری عمارت کو اپنی زد میں لے لیا۔ اس موقعے پر مقامی لوگوں نے آگ بجھانے کی کوشش کرتے ہوئے محکمہ فائر اینڈ ایمرجنسی کو اطلاع دی لیکن آگ میں پوری عمارت اور اس میں موجود مال اسباب مکمل طور پر راکھ کے ڈھیر میں تبدیل ہوکر رہ گئے۔
یہ بھی پڑھیں: کولگام میں غیرقانونی کانکنی کے خلاف پولیس کی کارروائی
اطلاعات کے مطابق اننت ناگ کے کھنہ بل علاقے کی بوٹ کالونی میں دوران شب آگ کے ایک واقعے میں کم سے کم آٹھ رہائشی مکان مکمل طور پر خاکستر ہوگئے۔ انہوں نے کہا کہ آتشزدگی سے 13 کنبے بے گھر ہوگئے۔ ان کا کہنا تھا کہ ان مکانوں میں جو کچھ بھی جائیداد موجود تھی وہ سب کچھ راکھ کے ڈھیر میں تبدیل ہوگئی۔