انگریزی روز نامہ 'دی ٹریبیون' کے ساتھ ایک انٹریو میں کانگریسی لیڈر اور رکن پارلیمان ڈاکٹر کرن سنگھ نے جموں وکشمیر کو مسلم اکثریتی ریاست ہونے کی بناء پر خصوصی درجہ عطا کرنے کے تاثر کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ'' جموں کشمیر نے خصوصی پوزیشن کا مطالبہ نہیں کیا تھا بلکہ ریاست کوحکومت ہند نے از خود خصوصی پوزیشن عطا کی تھی'۔
انہوں نے کہا:'ایسا کچھ بھی نہیں تھا، ایسا نہیں ہے کہ ہم نے یہ کہا کہ ہم ایک مسلم اکثریتی ریاست ہیں لہذا ہمیں خصوصی درجہ دیا جانا چاہیے، بلکہ حقیقت یہ ہے کہ حکومت ہند نے ہمیں خصوصی پوزیشن عطا کی تھی، ہمیں یہ بات نہیں بھولنی چاہیے'۔
ڈاکٹر سنگھ جنہوں نے بحیثیت صدر ریاست سال 1957 میں جموں و کشمیر کے آئین پر دستخط کئے تھے، ماضی کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ' کس طرح جموں کشمیر میں سال 1947-48 میں الحاق کے بعد پاکستان اسپانسرڈ جنگ، جو بین الااقوامی قانون اور اقوام متحدہ کی قرار دادوں کی کھلم کھلا خلاف ورزی تھی، ریاست کے ہندوستان کے ساتھ انضمام میں آڑے آیا'۔
انہوں نے کہا: 'وہ الحاق نامہ جس پرمیرے والد مہاراجہ ہری سنگھ نے دستخط کیے تھے اور دیگر صوبائی ریاستوں کے الحاق نامے ایک جیسے تھے'۔