اس موقع پر انہوں نے نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ کشمیر کی صورتحال بہتر ہے اور انٹرنیٹ خدمات کو مرحلہ وار طریقے سے بحال کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ اہلیان وادی ترقی میں دلچسپی رکھتے ہیں اور اس کو یقینی بنانے کے لئے آگے آرہے ہیں۔
لیفٹیننٹ گورنر بدھ کے روز یہاں پولیس تربیتی مرکز شیری میں منعقدہ پاسنگ آوٹ پریڈ کی تقریب کے حاشئے پر نامہ نگاروں کے سوالات کا جواب دے رہے تھے۔ یہ مسٹر مرمو کی جموں وکشمیر میں تعیناتی کے بعد ان کی وادی میں نامہ نگاروں کے ساتھ پہلی بات چیت ہے۔
لیفٹیننٹ گورنر موصوف نے کشمیر کی موجودہ صورتحال کے متعلق ایک سوال کے جواب میں کہا: 'میں سمجھتا ہوں کہ صورتحال بہت اچھی ہے۔ اس میں بہتری آئی ہے۔ پولیس بہت اچھا کام کررہی ہے۔ فورسز کے درمیان اعلیٰ درجے کا تال میل ہے۔ لوگوں کی شرکت بھی بہت اچھی ہے۔ لوگ باہر آرہے ہیں اور ترقی میں دلچسپی رکھتے ہیں'۔
گریش چندرا مرمو نے کہا کہ وادی میں 4 اگست کی شام سے بند انٹرنیٹ خدمات کو مرحلہ وار طریقے سے بحال کیا جائے گا۔
انہوں نے انٹرنیٹ خدمات کی بحالی کے متعلق ایک سوال کے جواب میں کہا: 'میں (انٹرنیٹ کی معطلی سے ہونے والی پریشانیوں کو) سمجھتا ہوں۔ ہم صورتحال کا جائزہ لے رہے ہیں۔ صورتحال میں مزید بہتری آنے پر ہم مرحلہ وار طریقے سے خدمات کو بحال کریں گے۔ ہم نے معاملے پر اپنی انتظامیہ کے ساتھ بات چیت کی ہے۔ بحالی پر غور جاری ہے'۔