لداخ میں بدھ پورنیما انتہائی سادگی سے منایا گیا
لداخ یونین ٹریٹری میں جمعرات کو بودھ مذہب کے بانی مہاتما بدھ کی یاد میں منایا جانے والا تہوار 'بدھ پورنیما' کورونا وائرس کے پیش نظر انتہائی سادگی کے ساتھ منایا گیا اور اس کی مناسب سے وسیع و عریض پولو گراؤنڈ میں ہر سال ہونے والی تقریب بھی منعقد نہ ہوسکی۔
لداخ میں بدھ پورنیما انتہائی سادگی سے منایا گیا
دریں اثنا لداخ اور جموں وکشمیر کے لیفٹیننٹ گورنرس آر کے مارتھر اور گریش چندرا مرمو نے عوام کو بدھ پورنیما کی مبارکباد پیش کی ہے۔
موصولہ اطلاعات کے مطابق لداخ بالخصوص بودھ اکثریتی ضلع لیہہ میں جمعرات کو 'بدھ پورنیما' کے موقع پر کسی بڑی تقریب کا انعقاد نہیں کیا گیا اور بیشتر لوگوں نے عبادتوں کا اہتمام اپنے ہی گھروں میں کیا۔
لداخ بدھسٹ ایسوسی ایشن کے ایک عہدیدار نے بتایا: 'بدھ پورنیما کا تہوار پوری دنیا میں جوش و خروش کے ساتھ منایا جارہا ہے۔ لداخ میں بھی اس تہوار کی مناسبت سے ہر سال پولو گرائونڈ میں ایک تقریب منعقد ہوتی تھی۔ لیکن اس سال کورونا وائرس وبا کے پیش نظر ہم نے اس تقریب کو منسوخ کیا۔ کیونکہ حکومت کی طرف سے جاری گائیڈ لائنز میں بھی تقریبات منعقد نہ کرنے کے لئے کہا گیا ہے'۔
ان کا مزید کہنا تھا: 'ہم لوگوں سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ اپنے اپنے گھروں میں بیٹھ کر پوجا پاٹ کریں اور ضرورتمند لوگوں کی مدد کریں۔ اس مبارک دن کے موقع پر کورونا وائرس کے خاتمے کے لئے دعا کریں'۔
بدھ پورنیما کا تہوار ہندو تقویم کے اعتبار سے بیشاخ کی چودہویں تاریخ کو اور عیسوی تقویم کے مطابق مئی ماہ میں منایا جاتا ہے۔ یہ تہوار مہاتما بدھ کی پیدائش، مہاتما بدھ کے نروان اور پری نروان سے متعلق تین عظیم ترین یادگاروں پر مشتمل ہے۔