جموں و کشمیر میں پہلی بار منعقد ہونے والے ڈسٹرکٹ ڈیولپمنٹ کونسل (ڈی ڈی سی) کے انتخابات کے پیش نظر ضلع اننت ناگ کے حلقہ انتخاب کوکرناگ کے لارنو بلاک کے لیے ووٹ ڈالے جارہے ہیں۔
مرکز کے زیر انتظام ریاست جموں و کشمیر میں ڈی ڈی سی انتخابات کے پیش نظر آج پہلے مرحلے کے تحت یونین ٹیریٹری جموں کشمیر کے دیگر اضلاع کی طرح جنوبی کشمیر کے ضلع اننت ناگ کے حلقہ انتخاب کوکرناگ کے لارنو بلاک کے لیے ووٹنگ جاری ہے۔
اعداد و شمار کے مطابق لارنو بلاک میں ووٹرز کی کل تعداد 23767 ہے، جن میں مردوں کی تعداد 12510 جبکہ خواتین کی تعداد 11257 ہے، جن میں جن کے لیے بلاک لارنو کے مختلف مقامات پر تقریباً 22 پولنگ مراکز قائم کیے گئے ہیں۔
خیال رہے کہ انتخابات کو پرامن طریقہ سے انجام دینے کے لیے پولنگ مراکز کے آس پاس سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔
واضح رہے کہ کوکرناگ کے لارنو علاقہ میں رائے دہندگان کی اکثر تعداد پسماندہ پہاڑی طبقہ سے وابستہ ہیں اور ڈی ڈی سی انتخابات میں حصہ لینے والی تمام پانچ خواتین امیدوار بھی پہاڑی طبقہ سے وابستہ ہیں۔
ای ٹی وی بھارت کے ساتھ بات کرتے ہوئے ووٹرز کا کہنا ہے کہ 'آج ہم تعمیر و ترقی کے لیے ووٹ ڈال رہے ہیں، ہمیں امید ہے کہ آج تک ہمیں جن مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا تھا۔ اب ہمیں ان مشکلات سے چھٹکارا ملے گا اور ہمارے علاقے میں ترقی کا دور شروع ہو جائے گا'۔
یاد رہے کہ جموں و کشمیر میں ضلع ترقیاتی کونسل کے پہلے مرحلے کے لیے وٹٹنگ شروع ہوگئی ہے، جس میں ڈی ڈی سی انتخابات میں پہلے مرحلے میں 43 نشستوں پر پولنگ جاری ہے تاہم علاقے میں سخت سکیورٹی سمیت تمام ضروری انتظامات کیے گئے ہیں۔